قصیم میں انگور میلہ کل سے شروع
میلے میں 50 سے زیادہ باغات کی پیداوارمتعارف کرائی جائیں گی(فوٹو، ٹوئٹر)
قصیم میں انگور میلہ کل منگل کو شروع ہوگا جو پانچ روز تک جاری رہے گا۔ القوارۃ بلدیاتی کونسل کی جانب سے ’انگور کے گچھے ، سونے کے فانوس‘ کے عنوان سے میلے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انگور میلے میں 50 سے زیادہ باغات کی پیداوار پیش کی جائے گی۔
سعودی حکام اس قسم کے میلوں اور پروگراموں کا اہتمام سعودی کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی، زرعی فارموں کی پیداوار کی مارکیٹنگ، پیداوار کا معیار بلند کرنے، مقابلے کی مثبت فضا پیدا کرنے اور افرادی قوت کی استعداد کو بہتربنانے کی خاطر کیا جاتا ہے۔
القصیم انگور میلے کے ذریعے سعودی عرب میں انواع و اقسام کی زرعی پیداوار اجاگر ہوگی۔ اقتصادی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ زراعت میں سرمایہ کاری کی اہمیت سے رائے عامہ واقف ہوگی۔ سیر و سیاحت پر بھی اس کے خوشگوار اثرات پڑیں گے۔
قصیم انگور میلے کے موقع پر ہر روز دلچسپ شو ہوں گے۔ نوجوانوں کو اپنی فنکارانہ صلاحیت اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ انہیں روزگار کے مواقع بھی حاصل ہوں گے۔