پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں پاکستانی فوج کے لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے اور اس میں سوار کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت چھ اہلکار جان سے گئے۔
منگل کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق لاپتا ہیلی کاپٹر کا ملبہ لسبیلہ کے علاقے موسیٰ گوٹھ، وندر سے ملا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔
فوجی ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل امجد حنیف ستی سمیت چھ فوجی افسران و اہلکار سوار تھے جو لسبیلہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کراچی جا رہے تھے۔
اس سے قبل حب پولیس کے ڈی ایس پی یونس رضا نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’ پولیس کو ملبہ لسبیلہ کے علاقے حب سے ملا ہے۔ حب کا یہ علاقہ ساکران گوٹھ موسیٰ بندیجہ کہلاتا ہے اور حب شہر سے 30 سے 35 کلومیٹر دور ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’جائے وقوعہ سے پولیس کی عباس چوکی سات سے آٹھ کلو میٹر دور ہے۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور اس کے بعد متعلقہ فورسز کو بھی اطلاع دی۔‘
مزید پڑھیں
-
پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیاچن میں گر کر تباہNode ID: 624681