حکومت کا پی ٹی آئی کو تحلیل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا فیصلہ
حکومت کا پی ٹی آئی کو تحلیل کرنے کے لیے قانونی کارروائی کا فیصلہ
جمعرات 4 اگست 2022 16:50
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’تحریک انصاف بیرونی فنڈنگ لینے والی پارٹی ثابت ہوئی ہے‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔
جمعرات کو مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ریفرنس جمع کرایا گیا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے۔ اس لیے انہیں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف غیرملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے۔‘
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جمعرات کو نیوز بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ ’ممنوعہ فنڈنگ کیس سے حکومت کا تعلق نہیں ہے۔‘
’یہ پٹیشن اکبر ایس بابر الیکشن کمیشن میں لے کر گئے تھے۔ تحریک انصاف نے آٹھ سال تک الیکشن کمیشن کے سوالات کے جوابات نہیں دیے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کے فیصلے میں پاکستان تحریک انصاف بیرونی فنڈنگ لینے والی پارٹی ثابت ہوئی ہے۔‘
’ان تمام ثبوتوں اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد وفاقی کابینہ نے تحریک انصاف کے خلاف ڈیکلریشن سپریم کورٹ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’وفاقی کابینہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے مکمل تحقیقات کرے، خاص کر منی لانڈرنگ کے حوالے سے۔ جو تمام افراد جو اس جرم میں شامل ہیں ان سب کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔‘
واضح رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ’پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز حاصل کیے۔‘
’الیکشن کمیشن سے 16 ایسے اکاؤنٹس چھپائے گئے جو جماعت کی اعلٰی قیادت چلا رہی تھی۔ عمران خان کے بیان حلفی میں غلط بیانی کی گئی ہے۔‘
الیکشن کمیشن نے فنڈز ضبط کرنے کے لیے تحریک انصاف کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا۔
تحریری فیصلے میں ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے تحریک انصاف کے اکبر ایس بابر کی جانب سے اٹھائے گئے قانونی نکات، بیرون ملک سے ملنے والے عطیات، کمپنیوں، افراد اور پی ٹی آئی کی جانب سے چھپائے گئے اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔