صحافی انس ملک کابل میں محفوظ ہیں: پاکستانی سفارت خانہ
کابل میں موجود صحافی انس ملک نے بھی اپنی واپسی کے بارے میں ٹویٹ کیا۔ (فوٹو: انس ملک ٹوئٹر)
کابل میں پاکستان کے سفارت خانے نے کہا ہے کہ صحافی انس ملک کابل میں ہیں اور محفوظ ہیں۔
جمعے کو پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے ٹویٹ کیا کہ ان کی صحافی انس ملک سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے، سفارت خانہ ان کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔
انس ملک نے بھی اپنی واپسی کے بارے میں ٹویٹ کیا کہ ’میں واپس آگیا ہوں۔‘
صحافی انس ملک کی کابل میں گمشدگی کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے ان کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
انس ملک بدھ کی دوپہر سے اپنے ڈرائیور سمیت کابل میں لاپتہ ہوئے تھے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ’انس ملک کی واپسی کے لیے افغان حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں ہے۔‘
صحافی انس ملک کے خاندان اور صحافیوں نے بھی ان کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

افغان طالبان کے ایک ترجمان قاری یوسف احمدی نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’انس ملک کے لاپتہ ہونے سے متعلق ان کے پاس کوئی تفصیل نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے معلومات کریں گے۔‘
تین اگست کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر صحافی انس ملک نے کہا تھا کہ وہ وہ کابل میں موجود ہیں۔
انہوں نے آخری مرتبہ کابل سے شدت پسند تنظیم القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری کے گھر سے رپورٹنگ کی تھی، جو امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔
انس ملک نے گزشتہ برس افغانستان کی حکومت کے خاتمے اور کابل پر طالبان کے قبضے کی رپورٹنگ کی تھی۔