جان بوجھ کر ٹریفک حادثہ کرنے والے کی سزا کیا ہے؟
قانون کے مطابق جان بوجھ کر حادثہ کرنے والے کو دو لاکھ ریال جرمانہ اور چار برس کی قید ہو سکتی ہے۔
ٹریفک سلامتی کمیٹی کے رکن صالح الغامدی کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کے مطابق جان بوجھ کر حادثہ کے مرتکب پر 2لاکھ ریال جرمانہ اور4 برس تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
قانون کی شق 62 کے تحت جان بوجھ کرحادثے کے مرتک کے خلاف سرکاری حق جسے ’حق العام‘ کہا جاتا ہے جبکہ ’حق الخاص‘ نجی حق (جسے نقصان پہنچا ہو) کے تحت مقدمہ قائم کیا جاتا ہے۔
سبق نیوزکے مطابق الغامدی نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ قانون کے مطابق مذکورہ بالا حادثہ جس میں مجرمانہ ارادے کا بھی دخل ہو اس کی سزا کو دوحصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے متعلقہ عدالت اس کا فیصلہ کرتی ہے۔ قانون کی پہلی شق کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے کی شفایابی کی مدت 15 دن یا اس سے زیادہ ہونے کی صورت میں حادثے کے مرتکب کو ایک لاکھ ریال جرمانہ یا دو برس قید کی سزا دی جاتی ہے۔ دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جا سکتی ہیں۔
دوسری شق کے مطابق جان بوجھ کرکیے جانے والے حادثے میں متاثرہ فریق کے ہلاک یا معذورہونے کی صورت میں دو لاکھ ریال جرمانہ اورچار برس قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جا سکتی ہیں۔