Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الدرعیہ، نوجوانوں کے عالمی دن پر بین النسلی یکجہتی کا عزم

عالمی دن کا مقصد نوجوانوں کی توجہ عصری مسائل کی طرف مبذول کرنا ہے(فوٹو عرب نیوز)
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اس سال کے  بین النسلی یکجہتی کے تھیم کے ساتھ اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے جو ہر عمر کے لوگوں کو ایک ساتھ لانے میں اپنی کامیابیوں کو اجاگر کرتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے نامزد کردہ نوجوانوں کے عالمی دن کا مقصد آج کے نوجوانوں کی توجہ عصری مسائل کی طرف مبذول کرنا ہے۔
اس سال کے نوجوانوں کے عالمی دن کا مقصد اس پیغام کو وسعت دینا ہے کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے تمام نسلوں کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کمیونٹی انگیجمنٹ ڈائریکٹر احلام الثنیان نے کہا کہ ’ہم الدرعیہ کے اندر ایک ایسا ماحول بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر کوئی کامیاب ہو سکتا ہے چاہے اس کا پس منظر یا عمر کوئی بھی ہو۔ الدرعیہ کبھی علم، افہام و تفہیم، ثقافتی اور تجارتی تبادلے کا گڑھ تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں علم کے تبادلے کا پروگرام بنا کر ہم اپنی کمیونٹی کے نوجوانوں کو بااختیار بنا سکتے ہیں اور اسے ایک بار پھر حقیقت بنتے دیکھ سکتے ہیں۔‘
احلام الثنیان نے کہا کہ ’ہمارے نوجوانوں کے پاس اپنی کمیونٹی کو دینے کے لیے بہت کچھ ہے اور ہمارے پاس انھیں دینے کے لیے بہت کچھ ہے۔ ہم انہیں ترقی کی منازل طے کرتے دیکھنا چاہتے ہیں، چاہے وہ کیریئر کی ترقی کے مواقع کی فراہمی کے ذریعے ہو یا کمیونٹی کی شمولیت کے انیشیٹوز کے ذریعے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ہماری قوم کا فخر ہیں، اور ہم انہیں مملکت کے مستقبل کے معمار کے طور پر دیکھتے ہیں۔‘
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی حکمت عملی نے مقامی کمیونٹی کے نوجوانوں کے لیے گریجویٹ ٹریننگ پروگرام کے ذریعے اتھارٹی میں شامل ہونے، فارمولا ای جیسے عالمی پروگراموں میں شرکت کرنے، الدرعیہ کنٹیمپریری آرٹ بینالے میں ثقافتی سفیر بننے یا بین الاقوامی سامعین تک الدرعیہ کا پیغام پہنچانے کی راہ ہموار کی ہے۔
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مڈل اور ہائی سکول کے طلبہ کو گیم ڈویلپمنٹ اور اینیمیشن سکھانے اور انہیں بااختیار بنانے کے پروگراموں کی بھی نگرانی کی ہے۔
جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ 2020 کے اعدادو شمار کے مطابق سعودی عرب کی 67 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر ہے جس میں مملکت کی تقریباً نصف افرادی قوت (47 فیصد) اس نوجوان آبادی میں آتی ہے۔
مملکت کے وژن 2030 کی حکمت عملی کا مقصد نئے انیشیٹوز، سرمایہ کاری اور مواقع کے ذریعے نوجوان صلاحیت کو بروئے کار لانا ہے۔

شیئر: