Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شوہر کی ’بے وفائی‘ کا اشتہار، جواب بھی دلچسپ

جینی نامی خاتون نے اپنے شوہر سٹیو کے نام اشتہار چھپواتے ہوئے انہیں ’جھوٹا اور دھوکے باز‘ قرار دیا تھا (فوٹو: ڈیلی میل)
آسٹریلیا میں ایک خاتون نے شوہر کی ’بے وفائی‘ پر اسی کے کریڈٹ کارڈ سے اخبار میں اشتہار چھپواتے ہوئے پردہ چاک کیا تو اگلے روز اس سے ملتے جلتے طریقے سے ہی جواب دے دیا گیا ہے۔
اخبار ڈیلی میل کے مطابق جینی نامی خاتون کی جانب سے دیے گئے اخباری اشتہار میں شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا گیا تھا ’ڈیئر سٹیو! مجھے امید ہے کہ آپ اُس (خاتون)  کے ساتھ خوش ہیں۔ اب پورے شہر کو معلوم ہو گا کہ آپ کس قدر جھوٹے اور دھوکے باز ہیں۔‘
وِد سنڈے لائف نامی اخبار کے پورے صفحے پر دیے گئے اشتہار کو دلچسپی سے دیکھا گیا اور صارفین اس کی تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے،  جس کے بعد اشتہار کو وائرل ہونے میں دیر نہیں لگی۔  
اشتہار کے آخر میں خود ہی جینی نے لکھوایا کہ اس کے لیے پیسے شوہر کے کریڈٹ کارڈ سے ادا کیے گئے ہیں۔
اشاعت کے بعد لوگوں نے اخبار کے دفتر میں مزید تفصیلات جاننے کے لیے رابطہ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا جس پر اخبار کو پوسٹ کرنا پڑی کہ رابطوں کی وجہ سے اس کا سسٹم بند ہو گیا ہے۔
اخبار کی جانب سے پوسٹ میں لکھا گیا کہ ’صفحہ چار پر چھپنے والے اشتہار کے حوالے سے بہت زیادہ پیغامات موصول ہو رہے ہیں جن کا جواب دینا مشکل ہے، اس لیے یہاں جواب دیا جا رہا ہے۔‘
سوالوں کا جواب دیتے ہوئے اخبار نے واضح کیا کہ انہیں سٹیو نامی شخص کے بارے میں معلوم نہیں ہے، تاہم لگتا ایسا ہے کہ وہ اچھے شخص نہیں۔
اخبار نے یہ بھی واضح کیا کہ جینی نامی خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی جائے گی۔

معذرت کے بورڈ کے آخر میں ’تمام سٹیوز کی طرف سے‘ لکھا گیا ہے (فوٹو: ڈیلی میل)

اس اشتہار کے بارے میں سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے بھی ہوئے جن میں سے ایک میں لکھا کہ یہ سب کے لیے اچھی صبح اور تفنن طبع کا باعث ہے سوائے سٹیو کے۔
اسی طرح ایک اور صارف نے لکھا کہ ’بہت اچھا کیا جینی، امید ہے اس کا صلہ اس کو جلد ملے گا۔‘
دوسری جانب اشتہار چھپنے کے اگلے روز حیرت انگیز طور پر اس کا جواب بھی دلچسپ انداز میں سامنے آیا جس میں ’سوری‘ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایڈیلیڈ کے علاقے میں سڑک کے کنارے ایک بورڈ لگایا گیا جس پر یہ جملہ لکھا ہے:
’ڈیئر جینی، مجھے سخت افسوس ہے۔‘
جبکہ اس کے آخر میں لکھا گیا ہے ’تمام سٹیوز کی جانب سے۔‘
بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ اشتہار جینی کے شوہر سٹیو نے نہیں لگوایا بلکہ ان کے ہم نام سٹیو ٹھریلفو نے لگوایا ہے جو ایک ہوٹل میں مینیجر کے طور پر کام کرتے ہیں۔

شیئر: