Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرنائی میں فوج کی دہشت گردوں سے جھڑپ، دو اہلکار ہلاک

فوج کے ترجمان کے مطابق میجر عمر دہشت گردوں کو بھگاتے ہوئے گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب خوست میں سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔
اتوار کو جاری کیے گئے بیان میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملے کو کامیابی سے پسپا کیے جانے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب قریبی پہاڑوں میں کیا گیا۔
بیان کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کو روکنے اور گھیراؤ کی کوشش کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کی گشت کرنے والی ٹیم کے درمیان فائرنگ کا زبردست بھی تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’جھڑپ کے دوران پاک فوج کے دو بہادر سپوت نائیک عاطف اور سپاہی قیوم نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے موت کو گلے لگا لیا۔‘
فوج کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر عمر دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔
بیان کے مطابق 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

شیئر: