Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات، گاڑی میں بچوں کو تنہا چھوڑنے والوں پر بھاری جرمانے کا فیصلہ

بچوں کو گاڑیوں میں چھوڑنا خاص طور پر گرمی کے مہینوں میں خطرناک ہوتا ہے (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
ابوظبی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بچوں کو گاڑیوں میں بغیر کسی توجہ کے چھوڑنے والے پر 1336 ڈالرز جرمانہ کیا جائے گا۔
بچوں کو گاڑیوں میں چھوڑنا خاص طور پر گرمی کے مہینوں میں خطرناک ہوتا ہے جب ملک بھر میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جاتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ابوظبی پولیس ٹریفک اور پیٹرولز ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کیپٹن محمد حماد العیسائی نے امارات ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ’بچوں کو گاڑی میں بلاوجہ چھوڑنا قانون کے مطابق قابل سزا جرم ہے اور ودیمہ کا قانون خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سخت ہے۔‘
حماد العیسائی کے بقول ’اس قانون کے تحت ایسے شخص پر کم سے کم پانچ ہزار درہم جرمانہ عائد ہوتا ہے جو بچے کو گاڑی میں بغیر دیکھ بھال کے چھوڑ دیتا ہے اور اس کے ساتھ اسے قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں متعدد ایسے واقعات کی اطلاع ملی ہے جہاں ایک بچہ گاڑی میں بغیر کسی نگرانی کے چھوڑ دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
ڈائریکٹر نے ایک واقعہ شیئر کیا جہاں ایک باپ فون کال میں مگن ہونے کی وجہ سے اپنے بچے کو کار میں بھول گیا تھا۔ العیسائی نے بتایا کہ جب آدمی کو معلوم ہوا کہ اس کا شیر خوار بچہ بغیر ایئر کنڈیشنگ کے کار میں بند ہے، تب تک وہ بچہ مر چکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ شہری اس واقعے کو ایک انتباہ کے طور پر لیں گے۔ جب بھی آپ باہر نکلیں۔ لاک اپ کرنے سے پہلے اپنی گاڑی کو ضرور چیک کریں۔‘
’اس کے علاوہ کسی بھی موٹرسائیکل سوار یا سرپرست کو گاڑی سے دور جانے کی صورت میں کسی بچے کو وہاں بغیر نگرانی کے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ سرپرست بچوں کی بھلائی اور حفاظت کے ذمہ دار ہیں۔‘

شیئر: