گورنر تبوک نے 359 سعودی خاندانوں کو نئے گھروں کی چابیاں حوالے کیں
گورنر تبوک نے 359 سعودی خاندانوں کو نئے گھروں کی چابیاں حوالے کیں
بدھ 24 اگست 2022 5:21
شہزادہ فہد بن سلطان نے نئے مرکزی پارک کا بھی افتتاح کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطانبن عبدالعزیز نے ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جس میں املج گورنریٹ کے 359 خاندانوں نے نئے گھروں کی چابیاں دی گئیں۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادہ فہد بن سلطانبن عبدالعزیزنے اس موقع پر گورنریٹ کے ایک نئے مرکزی پارک کا بھی افتتاح کیا۔
سعودی وزیر برائے میونسپل، دیہی امور اور ہاؤسنگماجد الحقيل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’تبوک نے مختلف شعبوں میں خیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کا ایک سلسلہ حاصل کیا ہے جس میں میونسپل اور ہاؤسنگ سے متعلق شعبے، خدمات، مفت زمین کے منصوبے اور تعمیرات شامل ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان منصوبوں میں سے ایک تبوک 1 ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے جس میں 901 ریزیڈینشل ولاز اور متعدد سرکاری اور سرمایہ کاری کی سہولتیں شامل ہیں۔‘
نئے گھر، 245 مربع میٹر کے ولاز بھی اس کا حصہ ہیں اور وہ اس کا رقبہ آٹھ لاکھ مربع میٹر سے زائد کی زمین پر محیط ہے۔
یہ تبوک ویلی پراجیکٹ کے علاوہ ہے جو خطے میں حکام کی جانب سے شروع کیے گئے دیگر منصوبوں اور انیشی ایٹیوز کی توسیع ہے جس کا مقصد سکنی پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے لیے چھ ہزار سے زیادہ جائیدادیں فراہم کرنا ہے۔
املج منصوبے پر 305 ملین ریال لاگت آئی ہے اوراس میں نئے مکانات کے علاوہ سکول، مساجد اور تجارتی مقام سمیت مکمل انفراسٹرکچر شامل ہے۔
دریں اثنا شہزادہ فہد بن سلطانبن عبدالعزیز نے تبوک شہر میں نئے سینٹرل پارک کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انہیں اس کی یادگاری تصویر بھی پیش کی گئی۔
یہ پارک 1.9 ملین مربع میٹر کے رقبے پر محیط ہے جس میں چھ لاکھ 80 ہزار مربع میٹر سبز مقامات اور ایک واک وے ہے جو دو کلومیٹر سے زیادہ رقبے تک پھیلا ہوا ہے۔
اس پارک میں تفریحی اور خدمت کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے اور سائیکل سواروں کے لیے راستے بھی شامل ہیں۔
گورنر تبوک کو خطے میں جاری دیگر خدمات اور ترقیاتی منصوبوں میں کام کی پیشرفت، تبوک میونسپلٹی کی جانب سے نجی شعبے کو پیش کردہ سرمایہ کاری کے مواقع اور شہری منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی بریفنگ بھی دی گئی۔
تقریب کا اختتام شہزادہ فہد کی جانب سے نئے مکانات کو ان کے نئے مالکان کے حوالے کرنے کے ساتھ ہوا۔
گورنر تبوک نے کہا کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ سعودی عرب خوابوں کا ملک ہے اور اسی وجہ سے لاکھوں لوگ یہاں کام کرنے کے لیے آتے ہیں، جو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے منتظر ہیں اور یہ وہ چیز ہے جو ہمیں خوش کرتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جو چیز ہمیں زیادہ خوش کرتی ہے وہ یہ ہے کہ ہم اس ملک کے لوگوں کو دیکھتے ہیں جو اپنے خوابوں کو حاصل کرتے ہیں، چاہے وہ کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں نہ صرف تبوک بلکہ مملکت کے تمام خطوں میں مکانات کی تقسیم اس بات کا ثبوت ہے اور رہائش ان بنیادوں میں سے ایک ہے جو خاندان کو خود مختار بناتی ہے۔‘