Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ن لیگ کی عمران خان کے خلاف برطانیہ میں چیریٹی کمیشن میں درخواست

درخواست کے ساتھ  الیکشن کمشن آف پاکستان کے فیصلے کی نقول بھی برطانوی چیریٹی کمیشن کے چئیرمین کو بھجوائی گئی ہیں۔ فائل فوٹو
مسلم لیگ ن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف برطانیہ کے ’چیریٹی کمیشن‘ میں باضابطہ درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں لوگوں سے جھوٹ بول کراور دھوکہ دہی سے عطیات کے نام پر فنڈز جمع کیے گئے جنہیں عمران خان نے اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر چوہدری انصر محمود نے چیریٹی کمیشن کے چیئرمین کو درخواست میں کہا ہے کہ ’برطانیہ کے شہری کے طور پر ہم اس خبر پر تشویش اور تذبذب کا شکار ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ خیرات کے نام پر جمع ہونے والا پیسہ سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہوا۔‘
درخواست کے مطابق ’خبر ووٹن کرکٹ لمیٹڈ اور عمران خان کی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے درمیان تعلق کی واضح نشان دہی کرتی ہے۔ آکسفورڈ شائرمیں عارف نقوی نے عطیات جمع کرنے کے لیے تقریب منعقد کی جس کی عوام میں باضابطہ تشہیر کی گئی۔‘
درخواست میں کہا گیا ہے کہ دو ہزار سے 2500 پاﺅنڈ میں ٹکٹ فروخت کیے گئے۔ ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کے بینک سٹیٹمنٹس کے مطابق جمع ہونے والی خطیر رقم میں سے سنہ 2013 میں تین قسطوں میں پی ٹی آئی کو 2.12 ملین پاﺅنڈ بھجوائے گئے۔ جس میں سے 13 لاکھ پاﺅنڈ کی بھاری رقم ابراج گروپ سے پی ٹی آئی کو بھجوائی گئی جو عارف نقوی کی پرائیویٹ کمپنی ہے۔
درخواست کے مطابق ’یہ رقم عمران خان کی پی ٹی آئی کو سیاسی مقاصد کے لیے بھجوائی گئی۔ عارف نقوی کی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو کمپنیوں اور افراد نے فنڈز دیے۔‘
چوہدری انصر محمود نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ’ہمارے خیال میں ابراج گروپ اور اس کے سربراہ عارف نقوی جو فراڈ کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں، نے ایک سیاسی جماعت کی مدد کے لیے ان تمام فنڈز کا بندوبست کیا، جبکہ عوام سے یہ کہا گیا تھا کہ یہ عطیات غریب اور کمزور ترین طبقات پرخرچ ہوں گے۔‘
مسلم لیگ ن برطانیہ کے لیگل ونگ کا موقف ہے کہ ’ووٹن کرکٹ لمیٹڈ ’کے میں‘ آئی لینڈ میں رجسٹرڈ ہے۔ عارف نقوی کو اپریل 2019 میں برطانیہ میں گرفتار کیا گیا اور انہیں ریکارڈ 15 ملین پاﺅنڈ دے کر لندن کی عدالت سے ضمانت ملی اور اس وقت وہ گھر پر نظر بند ہیں۔ امریکہ میں فراڈ میں ملوث ابراج گروپ اور عارف نقوی سے متعلق دوبئی میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ یہ الزام کسی اور نے نہیں بلکہ ابراج کے سرمایہ کاروں نے عائد کیے ہیں۔ عارف نقوی نے’ ہیلتھ کیئر‘ (صحت عامہ) فنڈ میں 230 ملین ڈالر کی خرد برد کی۔‘

عمران خان کے خلاف برطانیہ کے ’چیریٹی کمیشن‘ میں ن لیگ نے باضابطہ درخواست دائر کی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ’دبئی فنانشل سروسز اتھارٹی نے ابراج سے منسلکہ اداروں کو 315 ملین ڈالر کے جرمانے کیے اورمالی فراڈ کرنے پر متحدہ عرب امارات نے عارف نقوی کو 3 سال قید کی سزا سنائی ۔ دوبئی فنانشل سروسز اتھارٹی نے ذاتی طور پر عارف نقوی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔‘
درخواست کے ساتھ  الیکشن کمشن آف پاکستان کے فیصلے کی نقول بھی برطانوی چیریٹی کمیشن کے چئیرمین کو بھجوائی گئی ہیں۔

شیئر: