ریاض..... پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے " ٹیلی ٹیکسی " کےلئے سعودی ڈرائیوروں کی فراہمی اور دیگر مقررہ شرائط کو یقینی بنانے کے بعد " اوبر" کو کام کرنے کا اعلی معیار کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نگران اعلی ڈاکٹر رمیح نے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ مملکت میں اوبر کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل زید ھریش اس موقع پر موجود تھے ۔ سبق نیوز کے مطابق سرٹیفکیٹ کے اجراءکے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے نگران اعلی ڈاکٹر رمیح نے کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے روز اول سے ہی اس امر کو یقینی بنایا گیا تھا کہ ٹیلی فون ٹیکسی کمپنی مقررہ قوانین پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے مملکت میں کام کرے گی جس میں اہم ترین نکتہ سعودیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور سعودی شہریوں کو ہی نجی گاڑیوں کو ٹیلی ٹیکسی کے لئے رجسٹر کرنا شامل ہے ۔ ہمارا ہدف ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں مقامی شہری روزگار حاصل کر سکیں ۔ ڈاکٹر رمیح نے مزید کہا کہ ٹیلی ٹیکسی کی فیلڈ میں کام کرنے کا لائسنس حاصل کرنے کی خواہشمند کمپنیوں کو واضح کر دیا گیا تھا کہ وہ مقررہ معیار اور اصول و ضوابط کی پابندی کریں خلاف ورزی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ اس ضمن میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور وزارت محنت کے مابین مفاہمتی یرداشت پر دستخط کئے جاچکے ہیں جس میں یہ بات واضح طور پر درج ہے کہ سعودیوں کو اس شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہو گا ۔ ان شرائط کو قبول کرنے کے بعد کمپنیاں اس بات کی پابند ہیں کہ وہ مقررہ قوانین پر سختی سے عمل کریں اور سعودی شہریوں کو ہی اپنی کمپنی میں رجسٹر کیا جائے ۔ ڈاکٹر رمیح نے اس بات پرزور دیتے ہوئے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی وزارت محنت اور وزارت داخلہ کے تعاون و اشتراک سے ٹیلی فون ٹیکسی کے شعبے میں سعودائزیشن کے عمل کو یقینی بنانے کےلئے تفتیشی کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ سعودیوں کی جگہ غیر ملکیوں کو تو رجسٹر نہیں کیاجارہا ۔ دوران تفتیش خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی ۔ دوسری جانب مملکت میں اوبر کمپنی کے ڈائریکٹر زید ھریش نے کہا کہ اس بات پر فخر ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے ہمیں اعلی معیار کی سند جاری کی گئی ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ مقررہ قوانین پرمکمل طور پرعمل کیاجائے ۔ سعودائزیشن کے حوالے سے ھریش کا کہنا تھا کہ اوبر میں سعودی کارکنوں کی بھرتی کو یقینی بنایا جارہا ہے اس وقت ہمارے ادارے میں 65 ہزار سعودی اپنی گاڑیوں کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں ۔ سعودائزیشن کے عمل کو کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کےلئے کوشاں ہیں ۔ اوبر میں سعودی ڈرائیوروں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ھریش کا کہنا تھا کہ سعودی ڈرائیور بہتر طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ہمارے ادارے میں جدید ترین کمپیوٹرائز سسٹم کے ذریعے صارفین کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔