Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کی ٹیم میں کوئی ورلڈ کلاس بولر نہیں: بنگلہ دیشی بولنگ کوچ

داسن شاناکا نے کہا تھا کہ ’مستفیض الرحمان اور شکیب الحسن کے علاوہ بنگلہ دیشی سائڈ میں کوئی ورلڈ کلاس بولر نہیں ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف اہم ترین میچ سے قبل بنگلہ دیش کے بولنگ کوچ خالد محمود کے بیان نے تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
جمعرات کو دبئی میں کھیلے جانے والے میچ سے پہلے بنگلہ دیش ٹیم کے بولنگ کوچ خالد محمود نے کہا ہے کہ ’انھیں سری لنکا کی ٹیم میں کوئی ورلڈ کلاس بولر نظر نہیں آ رہا۔‘
خالد محمود نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے پاس دو بولرز ہیں لیکن مجھے سری لنکا کے پاس کوئی ورلڈ کلاس بولر نظر نہیں آ رہا۔ کم از کم ہمارے پاس مستفیض اور شکیب ہیں۔ سری لنکا کے پاس شاید ان جیسے بولر نہیں ہیں۔‘
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کے بولنگ کوچ کا یہ بیان سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا کے بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔
کپتان داسن شاناکا نے کہا تھا کہ ’ہمیں معلوم ہے کہ مستفیض الرحمان اچھے بولر ہیں، شکیب الحسن ورلڈ کلاس بولر ہیں، لیکن ان کے علاوہ بنگلہ دیشی سائڈ میں کوئی ورلڈ کلاس بولر نہیں ہے۔‘

خالد محمود کے بیان پر سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے نے بھی انھیں جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’لگتا ہے اب سری لنکن ٹیم کے بولرز کا اپنی کلاس دکھانے کا وقت آ پہنچا ہے۔ بیٹرز بھی یہ دکھائیں کہ وہ فیلڈ پر کیا ہیں۔‘
سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان ایشیا کپ کا یہ میچ ناک آؤٹ میچ ہے جس میں جیتنے والی ٹیم سُپر فور مرحلے میں داخل ہو گی جبکہ ہارنے والی ٹیم گھر جائے گی۔
سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک 12 ٹی20 میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سری لنکا نے آٹھ اور بنگلہ دیش نے چار میچ جیتے ہیں۔
ایشیا کپ میں یہ دونوں ٹیمیں 14 بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی ہیں جس میں سری لنکا نے 11 اور بنگلہ دیش نے تین بار فتح حاصل کی ہے۔

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان یہ گرما گرمی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل سنہ 2018 میں دونوں ٹیموں کے درمیان ندیہاس ٹرافی کے میچ میں شدید گرما گرمی اور بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی۔
بنگلہ دیش نے سری لنکا کے خلاف یہ میچ جیت کر ’ناگن ڈانس‘ کیا تھا جس کے بعد ٹیم کے اس جشن پر شدید تنقید کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ سنہ 2021 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی بنگلہ دیشی بیٹر لٹن داس اور سری لنکن بولر لاہیرو کمارا کے درمیان بھی جھڑپ ہوئی تھی، جس میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گالیاں اور دھکے دیے تھے۔

شیئر: