Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان سے بڑا پاکستان دشمن دنیا میں آج تک پیدا نہیں ہوا: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’عمران خان سے بڑا جھوٹا، دھوکے باز، مکار اور پاکستان دشمن دنیا میں آج تک پیدا نہیں ہوا۔‘
اسلام آباد میں جمعرات کو پارٹی کے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ ’عمران خان لاہور میں جا کر مریم نواز، خواجہ آصف اور رانا ثنا اللہ کو تکلیف پہنچانے کے لیے ہدایات دیتے تھے۔‘
’عمران خان نے پہلے گھڑیاں بیچ دیں پھر پیسے خزانے میں جمع کرا دیے تاہم کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ اس کو کھلی چُھوٹ تھی، ملک برباد کردیا گیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان چاہتا تھا پاکستان دیوالیہ ہو جائے اور سری لنکا بن جائے۔ آئی ایم ایف نے یہ شرط رکھی تھی کہ صوبے وفاق کو سرپلس کے لیے خط لکھیں گے۔‘
’آئی ایم ایف بورڈ میٹنگ سے پہلے شوکت ترین نے صوبائی وزرائے خزانہ کو وفاقی حکومت سے تعاون نہ کرنے کے لیے ٹیلی فون کیا کہ جس کے بعد کسی کو اس کے بارے میں کوئی شک ہے؟‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جب ہم نے حکومت سنبھالی تو سر منڈواتے ہی اولے پڑے، دنیا میں تیل اور پیٹرول کی قیمتیں اس 120 ڈالر فی بیرل سے بھی بڑھ گئی تھیں، جس کی مثال نہیں ملتی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’جانے والی حکومت نے ہمارے لیے ایک گڑھا کھود دیا تھا تاکہ نہ رہے بانس اور نہ بجے بانسری، تیل کی قیمت دنیا میں آسمان سے باتیں کر رہی تھی لیکن پاکستان میں نالائق حکومت نے قیمتیں کم کردیں۔‘
’سابق حکومت کو جب یہ یقین ہوگیا کہ اب اس کی چھٹی ہوجائے گی تو وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھے ایک افسر کے مشورے پر عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کردیں۔‘

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’جب بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں تو عمران خان نے کم کردیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی فوج کے خلاف غداری اور سازش کی بات پر اگر قانون نوٹس لیتا ہے تو پھر ان کی کمرمیں درد شروع ہوجاتا ہے، انسان کو اپنی اوقات میں رہنا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران نیازی سمجھتے ہیں اگر وہ ہیں تو سب کچھ ہے ایسا نہیں ہوگا، تعویز، گنڈوں سے کام نہیں چلے گا۔‘

شیئر: