میری حکومت کے خلاف پروپیگنڈا میں لفافہ صحافی ملے ہوئے تھے: عمران خان
عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اِن کے دور میں پیڑول 80 روپے اور ڈیزل 100 روپے مہنگا ہوا‘ (فوٹو: عمران خان فیس بک)
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میری حکومت کے خلاف (پی ڈی ایم نے) سخت پروپیگنڈا کیا اور ان کے ساتھ ’لفافہ صحافی ملے ہوئے تھے۔‘
جمعے کو گجرات میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ’اے آر وائی کو نشریات کی بحالی پر مبارک باد دیتے ہیں جبکہ اسلام ہائی کورٹ کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ن لیگ آج عدلیہ کو کہہ رہی ہے کہ عمران خان کے خلاف ایکشن لو۔ انہیں شرم سے ڈوب مر جانا چاہیے کیونکہ ان کے دور میں سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ ہوا تھا۔ اس لیے یہ توہین عدالت کے حوالے سے کچھ نہ بولیں۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمارے دور میں بڑا شور مچا تھا کہ بڑی مہنگائی ہو گئی ہے۔ بلاول بھٹو نے ایک مہنگائی مارچ بھی کیا تھا۔ شہباز شریف اور اس کے وزرا تب کہتے تھے کہ ملک آئی ایم ایف کو بیچ دیا۔‘
’اور اب جب شوکت ترین نے یہ کہا کہ صوبے کیسے آپ کے لیے اتنے پیسے اکٹھے کریں گے کیونکہ سیلاب کی وجہ سے اتنی تباہی آئی ہے تو انہوں نے کہا کہ شوکت ترین پر توہینِ آئی ایم ایف لگا دیں۔‘
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اِن کے دور میں پیڑول 80 روپے اور ڈیزل 100 روپے مہنگا ہوا۔ ان سے پوچھو تو کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کی وجہ سے کیا ہے۔ ہم بھی آئی ایم ایف پروگرام میں تھے لیکن ایسی مہنگائی نہیں کی۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ہمارے دور میں بجلی کی قیمت 18 روپے فی یونٹ تھی اور اس پر بھی پانچ روپے کی سبسڈی تھی۔ اب ایک یونٹ 46 روپے کا ہو گیا ہے اور ٹیکس ڈال کر 50 روپے کا پڑتا ہے۔‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’(موجودہ حکومت) یہ مہنگائی کم کرنے نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئی ہے۔‘