Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب پاکستان بنا تو آبادی چالیس کروڑ تھی، عمران خان کی پھر زبان پھسل گئی

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی خطاب کے دوران ایک مرتبہ پھر سے زبان پھسل گئی۔
صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں وکلا کنونشن سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ’جب پاکستان بنا تو اس کی آبادی چالیس کروڑ تھی، آج بائیس کروڑ ہے۔‘
عمران خان کی اس غلطی پر ان کے ساتھ کھڑے شخص نے ان کی اصلاح کی کہ ’چالیس لاکھ‘، جس پر عمران خان نے کہا کہ ’نہیں نہیں چالیس کروڑ تھی۔‘
تاہم اس کے بعد عمران خان نے غلطی مان لی کہ قیام پاکستان کے وقت ملک کی آبادی چالیس ’سال‘ تھی۔
یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے کہ جوش خطابت میں سابق وزیراعظم کی زبان پھسلی ہو۔
اس سے پہلے عمران خان نے جون میں شانگلہ میں خطاب کے دوران شعر غلط پڑھ دیا تھا۔
اس کے علاوہ عمران خان نے ایک مرتبہ خطاب کے دوران جرمنی اور جاپان کا جغرافیہ خراب کردیا تھا جبکہ جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو میں جامعات کی تعداد بھی ہزاروں میں بتائی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیامِ پاکستان کے وقت آبادی کی تعداد 40 کروڑ بتانے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے تبصرے کیے جارہے ہیں۔
 فیصل چودھری کہتے ہیں کہ ’جب پاکستان بنا اس کی آبادی چالیس کروڑ تھی، اس وقت جرمنی اور جاپان کا بارڈر بھی ملتا تھا، موسم بھی بارہ ہوا کرتے تھے، اچھا وقت تھا۔‘
صحافی اویس یوسفزئی نے لکھا کہ ’اگر خان صاحب غلطی مان کر سوری نہ کرتے تو یقین جانیں فالورز نے اسے بھی ڈیفںڈ کرنا تھا۔‘
عزیرہ شاہ نے کہا کہ ’پاکستان کو خان سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔‘
حسن زیب لکھتے ہیں کہ ’جرمنی جاپان کا بارڈر ایک ہوسکتا ہے، بارہ موسم ہوسکتے ہیں تو چالیس کروڑ آبادی کیوں نہیں ہو سکتی بھائی۔‘
 

شیئر: