Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے نئی ہدایات کیا ہیں؟ 

عمرہ زائرین مقررہ وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل سعودی عرب پہنچ جائیں(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے عمرے کے دن اور وقت کی بکنگ کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔
وزارت حج وعمرہ نے بیان میں کہا کہ ’عمرہ زائرین مقررہ وقت سے کم از کم 6 گھنٹے قبل سعودی عرب پہنچ جائیں۔ اگر پرواز میں 6 گھنٹے کی تاخیر ہوجائے تو ایسی صورت میں عمرے کی بکنگ خودکار نظام کے تحت ختم ہوجائے گی‘۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے مزید کہا کہ ’اگرعمرہ پرمٹ جاری ہونے کے بعد عمرہ زائرین اندرون مملکت سے مکہ مکرمہ نہ پہنچ سکے تو ایسی صورت میں عمرہ پرمٹ کا وقت ختم ہوتے ہی نئی بکنگ کی اجازت ہوجائے گی‘۔
’ چار گھنٹے قبل بکنگ میں تبدیلی کرانے کی صورت میں پہلی بکنگ منسوخ کرنا ہوگی اور پھر پہلے پرمٹ  کی مدت ختم ہونے کے بعد نیا پرمٹ جاری کرانا ہوگا‘۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ ’ان دنوں عمرہ ویزے بڑی تعداد میں جاری کیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے زائرین کو سہولتیں دی جارہی ہیں۔ پہلے عمرہ ویزے کی میعاد ایک ماہ ہوتی تھی جسے اب بڑھا کر تین ماہ کردیا گیا ہے‘۔  

شیئر: