سعودی امریکی تجارتی تعلقات سے کاروباری مواقع بڑھیں گے
سعودی امریکی تجارتی تعلقات سے کاروباری مواقع بڑھیں گے
بدھ 7 ستمبر 2022 16:13
امریکی چیمبر آف کامرس کے رہنما کی ریاض میں اعلی شخصیات سے ملاقات۔ فوٹو عرب نیوز
یو ایس چیمبر آف کامرس میں مشرق وسطیٰ کے امور کے نائب صدر سٹیو لیوٹز نے سعودی عرب میں ہونے والی اصلاحات کی تعریف کی ہے جس سے مملکت میں مزید سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
عرب نیوز کے مطابق اعلیٰ امریکی کاروباری رہنما نے کہا ہے کہ مملکت کی اقتصادی تبدیلیوں میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
نئے منصوبوں کے لیے مزید کاروباری اداروں کو راغب کیا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
امریکی بزنس مین کمیونٹی کے رہنما نے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور دیگر اعلی حکومتی شخصیات سے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
سعودی وژن 2030 کے مطابق مملکت میں گرین ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس ، خوراک کی حفاظت، ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت اوردیگر اہم شعبوں کے بارے میں بات چیت ملاقات میں اہم ترین موضوع تھے۔
انہوں نے تجارتی کاروباری برادریوں کے ساتھ ڈیٹا کے تحفظ کے قوانین کی ترقی کے امور اور سرمایہ کاری کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
عرب نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں امریکی کاروباری رہنما سٹیو لیوٹز کا کہنا تھا کہ مملکت درست میں رواں دواں ہے، یہاں پر سرمایہ کاری کے لیے نئے منصوبے مزید کاروباری اداروں کو اپنی جانب راغب کریں گے جس کے لیے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
امریکی کمپنیوں کے قیام سے مقامی افراد کی صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں امریکی کمپنیاں اس بات کی گواہی دے رہی ہیں کہ مملکت نے توانائی کی منتقلی میں مثبت اقدامات کئے ہیں اور امریکی کمپنیاں اس کا حصہ بننا چاہتی ہیں۔
انہوں نے مملکت میں بنیادی ڈھانچے کی بڑھتی ہوئی ترقی اور ابھرتے ہوئے جدید تخلیقی و اقتصادی شعبوں کے لیے مثبت نقطہ نظر کی تعریف کی۔
سٹیو لیوٹزنے کہا کہ چیمبر کے طور پر ہم واقعی اس علاقے کی تعمیر میں مدد کے لیے سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری کے منتظر ہوں گے۔
یو ایس چیمبر آف کامرس میں مشرق وسطیٰ کے امور کے نائب صدر اس سے قبل متعدد مواقع پر سعودی عرب کا دورہ کر چکے ہیں، آخری بار وہ جنوری 2020 میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے سے قبل یہاں آئے تھے۔
قبل ازیں یوایس چیمبر آف کامرس نےواشنگٹن ڈی سی میں سرکردہ سعودی حکام کے ساتھ متعدد میٹنگیں کی ہیں، وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ ، وزیر تجارت اور میڈیا ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی کے ہمراہ ایک وفد ان میٹنگز میں شامل تھا۔
عالمی وبا سے معاشی پسماندگی کے بعد تجارتی تعلقات کو فروغ ملا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ضروری تھا کہ دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہم ریاض آئیں اور کچھ نئے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کریں اور تخلیقی طور پر سوچیں کہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے ہم بطور یو ایس چیمبر مملکت میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کیا کچھ کر سکتے ہیں۔
امریکی بزنس مین نے کہا کہ جب امریکی کمپنیاں جب یہاں مزید کاروبار کے لیے آئیں گی یا جو کمپنی پہلے ہی یہاں کام کر رہی ہیں ان میں بہت زیادہ امریکی ملازمین نہیں ہوں گے بلکہ مقامی افراد کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے گا۔
اس طرح موجودہ مقامی ٹیلنٹ کی ترقی کی توقع ہے کیونکہ مختلف کمپنیوں نے تربیتی خدمات، کیریئر کی ترقی کے مواقع اور سرمایہ کاری کے افق کو وسیع کرنے کی متعدد پیشکش کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا کے باعث 2020 کی معاشی پسماندگی کے بعد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو فروغ ملا ہے جس سے گذشتہ سال تجارتی حجم92.5 بلین ریال ریکارڈ کیا گیا۔ یہ 2020 سے 22 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔