Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوں لگتا ہے جیسے اپنے ہی وطن میں ہوں: امریکی ناظم الامور 

مارٹینا سٹرانگ نے کہا کہ سعودی خواتین دلیر ہیں اور شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ (فوٹو: سبق)
سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور مارٹینا سٹرانگ نے کہا ہے کہ سعودی خواتین دلیر ہیں۔ آگے بڑھ کر کام کرنے کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
 امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات کی سالگرہ کے موقع پر السعودیہ چینل کے ویکلی پروگرام ’الدپلوماسی‘ (سفارتکاری) میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نے کہا کہ ’دونوں دوست ملکوں کے تعلقات دیرینہ اور گہرے ہیں۔ ان کی بدولت دونوں ملکوں میں خوشحالی آئی ہے۔‘
امریکی ناظم الامور نے سعودی امریکی تعلقات کی شروعات کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بانی مملکت شاہ عبدالعزیز اور امریکی صدر روزویلٹ نے جنگی جہاز کوئن سی پر پہلی ملاقات کی تھی۔ یہ دونوں رہنماؤں کی واحد ملاقات تھی جو دوسری عالمی جنگ کے  اختتام پر فروری 1945 میں ہوئی تھی۔‘

بانی مملکت شاہ عبدالعزیز اور امریکی صدر روزویلٹ نے جنگی جہاز کوئن سی پر پہلی ملاقات کی تھی۔ (فوٹو: سبق)

 مارٹینا سٹرانگ نے سعودی عرب آمد اور یہاں کے کلچر اور سماج کے بارے میں بھی خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’تین برس قبل مملکت پہنچی۔ اس دوران مملکت کو دریافت کرنے کے تمام مواقع سے فائدہ اٹھایا۔‘
امریکی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ ’جدہ اور ظہران میں امریکی قونصلیٹ موجود ہیں، اس حوالے سے ان دونوں شہروں کےسفر کا موقع ملتا ہے۔ مملکت کے دیگر علاقوں کی بھی سیر کی ہے۔ یہاں بڑی رنگا رنگی دیکھنے کو ملی‘

سعودی عرب اور امریکہ کے تعلقات آٹھ عشروں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ (فوٹو: سبق)

مارٹینا سٹرانگ نے مزید کہا کہ ’سعودیوں کا طرز معاشرت قابل تعریف ہے۔ دل کی گہرائیوں سے ان کی شکر گزار ہوں۔ ایسا لگتا ہے کہ جیسے اپنے وطن میں ہی ہوں۔‘
ریاض کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں قیام حیرت انگیز رہا۔ امریکی سفارت کار قومی عجائب گھر، المصمک محل اور الدرعیہ جاتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے تعلقات آٹھ عشروں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ 20 ویں صدی کے تیسرے عشرے میں اس کی شروعات ہوئی۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب کنگ عبدالعزیز کی دعوت پر پہلی امریکی کمپنی نے مملکت میں تیل کی تلاش کا کام  شروع کیا۔ ہمیں اس پر بے حد فخر ہے۔ 

شیئر: