Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بین الاقوامی کمیونٹی پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کرے: انتونیو گوتریس

 سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچے (فوٹو: دفتر خارجہ)
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ ’سیلاب ایک قدرتی آفت ہے، بین الاقوامی کمیونٹی کو کہتا ہوں پاکستان کو بہت زیادہ مالی تعاون کی ضرورت ہے۔‘
جمعے کو سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔ اسلام آباد میں نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’سیلابی صورتحال میں پاکستانی حکومت اور عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، بین الاقوامی کمیونٹی پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کرے۔‘
انہوں نے کہا کہ متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ’موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان متاثر ہو رہا ہے، پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے قابل ذکر کام نہیں کیا۔ پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔‘
مزید پڑھیں
جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’میں یہاں تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پاکستان پہنچا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں عالمی برادری سے بڑے پیمانے پر تعاون کی اپیل کرتا ہوں کیونکہ پاکستان اس موسمیاتی تباہی سے متاثر ہو رہا ہے۔‘
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس موسمیاتی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے اب تک 1391 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 9 سے 10 ستمبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے جس کا مقصد ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی اور قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے والے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا یہ دورہ 33 ملین متاثرہ پاکستانیوں کی انسانی اور دیگر ضروریات کے لیے ہم آہنگ اور مربوط بین الاقوامی ردعمل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کے لیے 16 کروڑ ڈالر کی ہنگامی امداد کی اپیل کی تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسلسل اس طرح کی آفات کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے منسلک کرنے پر زور دیتے رہے ہیں اور وہ عالمی برادری کو خبردار کرتے رہے ہیں کہ اگر موسمیاتی تبدیلیوں کو بروقت اور موثر طریقے سے حل نہ کیا گیا تو اس سے ہمارے سیارے سنگین خطرات لاحق ہوں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے اور مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی پائیدار بین الاقوامی حمایت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گا۔ 

شیئر: