پی سی بی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’میتھیو ہیڈن ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے مینٹور کی حیثیت سے واپس آئیں گے۔‘
میتھیو ہیڈن ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کو 15 اکتوبر سے جوائن کریں گے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر2021 میں متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ تھے۔ پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا مینٹور بننے پر میتھیو ہیڈن نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ’میں آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا مینٹور بننے پر بہت خوش ہوں، ٹیم کا حصہ بننے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتا۔ میں نے دیکھا ہے کہ کھلاڑی ایشیا کپ میں کیسا پرفارم کر رہے ہیں، انڈیا کے خلاف جیت شاندار تھی لیکن یہاں آسٹریلیا میں تمام بنیادی باتوں کا خیال رکھنا ہوگا۔‘
میتھیو ہیڈن کے پاکستان ٹیم کا مینٹور بننے کی خبر پر کرکٹ فینز نے خوشی کا اظہار کیا اور اس کو ٹیم کے لیے اچھی خبر قرار دیا۔
عطا الرحمان نے لکھا کہ یہ ’ہمارے لیے اچھی خبر ہے، کیا لیجنڈ ہیں یہ۔‘
عاطف لیاقت نے لکھا کہ ’پی سی بی کو انہیں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سیریز کے لیے بھی واپس لانا چاہیے، یہ چیمپیئن ہیں۔ انہیں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے متعلق بھی سب پتا ہے۔‘
قاسم حسن نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’یس، ہمیں اسی چیز کی ہی تو ضرورت تھی۔‘
میتھیو ہیڈن اپنے کرکٹ کیریئر میں دو کرکٹ ورلڈ کپ اور ایک ٹی 20 ورلڈ کپ کھیل چکے ہیں۔