Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب 40 ہزار فٹ کی بلندی پر مسافروں کو ملکہ برطانیہ کے انتقال کی اطلاع ملی

ملکہ کے انتقال پر برطانوی حکومت نے ملک بھر میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
برٹش ایئرویز کی برطانیہ سے امریکہ جانے والی فلائٹ کے مسافروں کو طیارے کے پائلٹ نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کی خبر دی جس کے بعد وہ غمگین ہو گئے۔
امریکی نیوز چینل بوسٹن 25 نیوز کے مطابق امریکی شہر بوسٹن جانے والی پرواز کے کچھ مسافروں نے کہا کہ ’یہ پہلا موقع تھا جب انہوں نے اس طرح کی جذباتی خبر سنی۔‘
برٹش ایئرویز کی فلائٹ 203 کے پائلٹ کا کہنا تھا کہ ’نہائیت افسوس کے ساتھ ہمیں پتا چلا ہے کہ ملکہ برطانیہ انتقال کر گئی ہیں۔ ہماری ہمدردیاں تمام خاندان کے ساتھ ہیں۔‘
ایک مسافر کے موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برطانیہ سے روانگی کے بعد ملکہ کے انتقال کے اعلان کے بعد مسافر غمگین ہو جاتے ہیں۔
بوسٹن 25 نیوز نے برطانیہ سے آنے والے کئی مسافروں سے بات کی جن کا کہنا تھا کہ انہیں ملکہ برطانیہ کے بغیر مستقبل کا تصور بہت مشکل لگ رہا ہے۔
ویلز سے تعلق رکھنے والی جین ایڈیسن نے کہا کہ ’یہ اچھا نہیں ہے، خاص طور پر جب میں 40 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی۔‘
واضح رہے جمعرات کو برطانیہ میں طویل ترین عرصے تک ملکہ رہنے والی الزبتھ دوم 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں تھی۔
70 برس تک برطانیہ کی ملکہ رہیں۔ بکنگھم پیلس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’آج دوپہر ملکہ الزبتھ سکاٹ لینڈ میں واقع بیلموریل پیلس میں انتقال کر گئیں۔‘
ملکہ کے انتقال پر برطانوی حکومت نے ملک بھر میں 10 روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔

شیئر: