Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ ایک بہترین سفر رہا‘، آسٹریلوی کپتان اَرن فنچ ون ڈے سے ریٹائرڈ

اَرن فنچ نے 17 ایک روزہ انٹرنیشنل سینچریاں سکور کر رکھی ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلوی کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان اَرن فنچ نے مختصر فارمیٹ کی عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے تاہم وہ اگلے ماہ ٹی 20 ورلڈکپ کھیلیں گے جو آسٹریلیا کے میدانوں پر کھیلا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 35 برس کے اَرن فنچ نے حالیہ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بدترین کارکردگی کے باعث ون ڈے انٹرنیشل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
وہ اپنا آخری ایک روزہ میچ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلیں گے۔
اَرن فنچ نے 145 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں جن میں 39 کی اوسط سے پانچ ہزار 401 رنز سکور کیے۔
انہوں نے 17 ایک روزہ انٹرنیشنل سینچریاں سکور کر رکھی ہیں۔
آسٹریلیا کے لیے 54 میچوں میں کپتانی کرنے والے اَرن فنچ نے اپنے کرکٹ کیریئر کے حوالے سے کہا کہ ’یہ ایک بہترین سفر رہا جس میں غیرمعمولی یادداشتیں بنیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میری خوش قستمی رہی کہ دنیا کی بہترین ون ڈے ٹیم کا حصہ رہا۔ اسی طرح اُن سب لوگوں کا ساتھ رہا جن کے ہمراہ میدان میں رہا اور کچھ لوگ پس منظر میں رہ کر بھی ساتھ رہے۔‘ 
وہ اگلے ماہ اکتوبر کی 22 تاریخ سے آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے تاہم گزشتہ سات ایک روزہ میں سے تین میں بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ باقی چار میں کُل 26 رنز بنا سکے۔

اَرن فنچ کی قیات میں آسٹریلوی ٹیم نے رواں سال مارچ میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

اس کارکردگی کے باوجود اُن کو اگلے سال کرکٹ کے عالمی مقابلے ون ڈے ورلڈکپ میں ٹیم کی کپتانی سونپی جانے کی توقع تھی تاہم انہوں نے محدود اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا اعلان کیا۔

شیئر: