سعودی عرب میں فرسٹ ایڈ ڈے منایا جائے گا
’ملک بھر کے شاپنگ مالز، بازاروں، پارکوں اور پبلک مقامات میں سٹال لگائے جائیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی ہلال احمر نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں فرسٹ ایڈ ڈے منایا جائے گا جس میں لوگوں کو ابتدائی طبی امداد کی اہمیت سے آگاہی دی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہلال احمر کے سربراہ ڈاکٹر جلال بن محمد العویسی نے کہا ہے کہ ’ہلال احمر رضا کاروں کو ہنگامی حالات میں ابتدائی طبی امداد کی تربیت بھی دے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جان بچانے کے لیے ابتدائی طبی امداد کی بنیادی اہمیت ہے نیز ہنگامی حالات میں ایک غلط اقدام سے جانوں کا نقصان ہوسکتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ملک بھر کے شاپنگ مالز، بازاروں، پارکوں اور پبلک مقامات میں سٹال لگائے جائیں گے‘۔
’علاوہ ازیں تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبہ کو ابتدائی طبی امداد کی اہمیت اور بنیادی طبی اشیا کی اہمیت واضح کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے لیے ابتدائی طبی امداد کے کورس کا اہتمام کیا گیا ہے جو بالکل مفت ہے‘۔
’یہ کورس عربی اور انگریزی زبانوں میں ہے اور ماہرین کی نگرانی میں کروایا جاتا ہے۔ خواہشند اپنا اندراج کرنے کے لیے لنک پر کلک کر سکتے ہیں‘۔