نجی شعبے کے کارکنان کے لیے یوم وطنی کی تعطیل کب؟
پرائیویٹ کمپنیوں اوراداروں میں تعطیل جمعرات 22 ستمبر کو ہوگی (فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے مملکت میں پرائیویٹ سیکٹر کے کارکنان کے لیے یوم وطنی (نیشنل ڈے) کی تعطیل کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔
سیدتی میگزین نے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’اس سال یوم وطنی جمعہ 23 ستمبر 2022 کو ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیوں اوراداروں میں یوم وطنی کی تعطیل جمعرات 22 ستمبر کو ہوگی‘۔
وزارت افرادی قوت کے مطابق ’یوم وطنی کی تعطیل ام القری کیلنڈر کے لحاظ سے قومی دن کے پہلے روز ہوتی ہے۔ اگر اس ہفتہ وار چھٹی ہو تو اس صورت میں یوم وطنی سے ایک دن پہلے یا ایک دن بعد تعطیل دی جائے گی‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کا یوم وطنی (نیشنل ڈے) ہرسال 23 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔
یوم وطنی تیسری سعودی ریاست کے قیام کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ شاہ عبدالعزیز آل سعود نے تیسری سعودی ریاست کے قیام کا اعلان 21 جمادی الاول 1351ھ مطابق 23 ستمبر 1932 کو کیا تھا۔ اسی مناسبت سے سعودی قائدین اورعوام 23 ستمبرکو یوم وطنی مناتے ہیں۔