لندن - - - - - ہیلی کاپٹر ایک ایسی سواری ہے جسے انسان نے مختصرسفر کیلئے طیاروں کے متبادل کے طور پر ایجاد کیا۔ انسان یہ چاہتا تھا کہ اس کے پاس ایک ایسی سواری رہے جہاں بڑے طیارے آمد ورفت نہ کرسکیں تو وہ باآسانی وہاں آمد ورفت کرسکے اور جنگلات اور پہاڑوں سمیت مختلف دشوار گزار مقامات تک آنے جانے کے لئے ہیلی کاپٹر کا استعمال شروع ہوا۔ رفتہ رفتہ دنیا میں ایک سے بڑھ کر ایک ہیلی پیڈ بننے لگے جہاں سے ہیلی کاپٹر پرواز کرسکیں اورلینڈ کرسکیں۔ اچھے ہیلی پیڈ بنانے کی روش مقابلے کی شکل اختیار کر گئی اور آج یہ حالت ہے کہ دنیا کے مختلف علاقوں میں ایک سے ایک بڑھ کر خوبصورت خطرناک اور دیدہ زیب ہیلی پیڈ بنے ہیں اور ان ہیلی پیڈ کا سلسلہ دنیا کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پھیلا ہوا ہے۔ سب سے حیران کن بلکہ پریشان کن ہیلی پیڈ دبئی کے برج العرب ہوٹل کا ہے جو دنیا کی بلند ترین عمارت کے28و یں فلور پر بنایا گیا ہے۔ اس حوالے سے یہ بات تاریخ کا حصہ ہے کہ 1859ء میں بھی ایک جزیرے پر جو لائٹ ہاؤس بنا تھا اس کی چھت پر بھی ہیلی پیڈ کی گنجائش رکھی گئی تھی۔ ماہرین ہوابازی کا کہناہے کہ ہواباز بلندی پر بنائے گئے ہیلی پیڈ جتنے خوبصورت لگتے ہیں اتنے خطرناک بھی ہیں کہ ان پر لینڈ کرنے والے ہوابازوں کے اکثر چھکے بھی چھوٹ جاتے ہیں۔