Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلی میں مٹی ڈالنے کا تنازع، قصور میں بھائی نے تین سگے بھائی قتل کر دیے

عینی شاہدین کے مطابق گلی میں مٹی ڈالنے پر بھائیوں کے درمیان تکرار ہوئی تھی۔ فائل فوٹو
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کی پولیس کے مطابق جمعرات کے روز ایک انتہائی معمولی تنازعے پر ایک سابق فوجی اہلکار نے فائرنگ کر کے تین سگے بھائیوں کو قتل کر دیا۔
تھانہ منڈی عثمان والا میں درج ایف آئی آر کےمطابق ’گاڑے والا کے علاقے میں دن گیارہ بجے کے قریب محمود، سلیم اور جمیل احمد  تینوں سگے بھائی گلی میں مٹی ہموار کر رہے تھے۔ جب جاوید اقبال نامی شخص نے پمپ ایکشن بندوق سے ان پر فائر کھول دیا۔‘
مقدمہ محمد سلیم کی اہلیہ نسرین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’محمود بھائی کے گھر کے سامنے تینوں بھائی مٹی ہموار کر رہے تھے۔ کیونکہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ہمارے گھروں میں پانی کھڑا ہو رہا تھا۔ جس کی وجہ سے بڑی مشکل سے ہم لوگ گزر رہے تھے۔ سوچا کہ گلی بہت زیادہ نیچی ہے تو اپنی مدد آپ کے تحت تھوڑا اونچا کر لیتے ہیں۔‘  
عینی شاہدین کے مطابق گلی میں تازہ مٹی ڈلوانے پر جاوید اقبال نے تینوں بھائیوں کو روکا۔ جب بات چیت تکرار میں بدل گئی تو جاوید اقبال اپنے گھر گیا اور بندوق اٹھا لایا۔
مقتول محمد سلیم کی اہلیہ نسرین کے مطابق جاوید اقبال کے فائر سے سب سے پہلے ان کے شوہر نیچے گرے۔ بعد ازاں ملزم نے باقی دونوں بھائیوں پر بھی فائر کھول دیا۔  
علاقے کے ایس ایچ او عمران جاوید کے مطابق ’جمیل احمد موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ باقی دو بھائیوں سلیم اور محمود کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جانے کوشش کی گئی تاہم وہ راستے میں ہلاک ہو گئے۔‘
ایس ایچ او کے مطابق ’جس وقت ریسکیو 1122 کو کال کی گئی اسی وقت پولیس کو بھی 15 پر آگاہ کیا گیا۔ بغیر کسی تاخیر کے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ تاہم ملزم فرار ہو چکا تھا۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’مدعی خاندان کا الزام ہے کہ فائرنگ کرنے والے افراد ایک سے زیادہ تھے۔ کیس کی تفتیش میرٹ پر تفتیش ہو گی۔‘
ڈی پی او قصور صہیب اشرف نے بتایا کہ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے ہیں۔ ’تمام نمونے فرانزک کے لیے بھیج دیے ہیں۔ ملزم تاحال فرار ہے اس کی گرفتاری کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے۔ بہت جلد پولیس قاتلوں تک پہنچ جائے گی۔‘  
اس واقعے کا نوٹس آئی جی پنجاب نے بھی لیا ہے۔ جس کے بعد ملزمان کی گرفتاری اور کیس کی جلد تفتیش کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
اہل محلہ کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم جاوید اقبال فوج سے ریٹائرڈ ہے اور تعلق کمبوہ برادری سے ہے۔  

شیئر: