Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمندری طوفان نان ماڈول، جاپان میں 30 لاکھ افراد سے انخلا کی اپیل

جاپان کی موسمیاتی ایجنسی جے ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خطے کو تیز ہواؤں، طوفانی لہروں اور طوفانی بارشوں سے ایسے خطرے کا سامنا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوب مغربی جاپان میں بڑھتے ہوئے طوفان نان ماڈول کے پیش نظر حکام نے 30 لاکھ افراد سے انخلا کی اپیل کی جس کے بعد ہزاروں لوگ اس وقت پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) نے جنوبی کیوشو پریفیکچر میں کاگوشیما کے علاقے کے لیے ’خصوصی وارننگ‘ جاری کی ہے۔
مقامی ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح تک کاگوشیما اور میازاکی میں 25 ہزار 680 خاندان پہلے ہی بجلی سے محروم تھے جبکہ طوفان کے گزرنے تک علاقائی ٹرین سروس ، پروازیں اور بحری جہازوں کا سفر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی جے ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خطے کو تیز ہواؤں، طوفانی لہروں اور طوفانی بارشوں سے ایسے خطرے کا سامنا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔
جے ایم اے کے پیش گوئی یونٹ کی سربراہ ریوتا کورورا نے کہا کہ ’زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، یہ بہت خطرناک طوفان ہے۔‘
انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہوا اتنی تیز ہوگی کہ کچھ مکانات گر سکتے ہیں جبکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
حکومت کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق اب تک کیوشو کے 29 لاکھ شہریوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
کاگوشیما کے حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح تک آٹھ ہزار 500 سے زائد افراد پہلے ہی مقامی پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔

جے ایم اے کے پیش گوئی یونٹ کی سربراہ ریوتا کورورا نے کہا کہ ’زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

ریوتا کورورا نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ بدترین طوفان آنے سے پہلے نکل جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مضبوط عمارتوں میں بھی رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی۔
رات گئے پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ’براہ مہربانی مضبوط عمارتوں میں چلے جائیں اس سے پہلے کہ شدید ہوائیں چلنے لگیں اور مضبوط عمارتوں کے اندر بھی کھڑکیوں سے دور رہیں۔‘
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی جے ایم اے نے اتوار کو بتایا کہ کیوشو کے جنوبی حصے میں ایسی شدید ہوائیں اور اونچی لہریں دیکھنے کو مل سکتی ہیں جن کا تجربہ پہلے کبھی نہیں ہوا۔
کاگوشیما کے ایک پریفیکچرل اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’تاحال کسی کے زخمی ہونے یا کسی عمارت کو نقصان پہنچنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی لیکن حالات خراب ہو رہے ہیں۔‘
صبح نو بجے طوفان جاپان کے یاکوشیما جزیرے سے 80 کلومیٹر (50 میل) جنوب مشرق میں تھا اور 252 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پھیل رہا تھا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ اتوار کی شام کو کیوشو میں زمین تک پہنچے گا اور بدھ کے اوائل تک جاپان کے مرکزی جزیرے کا رخ کرے گا۔

شیئر: