’یہی ہمارا گھر ہے‘ یوم وطنی پر رنگا رنگ اور تفریح سے بھر پور پروگرام کا اعلان
اتوار 18 ستمبر 2022 21:43
ترکی آل الشیخ کا کہنا ہے تقریبات کا سلسلہ 26 ستمبر تک جاری رہے گا( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے کہا ہے کہ یوم وطنی 92 کا جشن شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔
مملکت کے مختلف علاقوں میں 9 روز تک پروگرام ہوں گے اس کا سلوگن ‘ھی لنا دار‘ (یہی ہمارا گھر ہے) ہوگا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ترکی آل الشیخ نے کہا کہ یوم وطنی کی تقریبات کا آغاز اتوار 18 ستمبر سے کیا جا چکا ہے۔ اس کا سلسلہ 26 ستمبر تک جاری رہے گا۔
سعودی عرب کے 9 علاقوں میں یوم وطنی کی رنگا رنگ تقریبات ہوں گی۔ ایئر شو کے علاوہ ازیں سعودی بحریہ ’سی شو‘ بھی پیش کرے گی۔
ایئر شو اور سی شو میں لڑاکا طیارے، ہیلی کاپٹر، مسافر بردار جہاز، سمندری جہاز، بوٹس شامل ہوں گی۔ یہ اب تک سعودی عرب کی تاریخ میں یوم وطنی پر ہونے والے عظیم ایئر اور سی شو ہوں گے ان کا سلوگن ’تحیہ وطن‘ (وطن کو سلام) ہوگا
سعودی فضائیہ کے ٹائیفون ، ایف 15 ایس، ٹورنیڈو اور ایف 15 سی مملکت کے 14 شہروں میں ایئر شو کریں گے۔
وزارت داخلہ یوم وطنی کی تقریبات میں منفرد طریقے سے حصہ لے گی۔ ورچول تھیٹر آف آپریشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس میں سیکیورٹی فورسز کے منتخب اہلکار شریک ہوں گے۔ میوزک شو وزارت داخلہ کا ملٹری بینڈ پیش کرے گا۔ علاوہ ازیں تفریحی سٹالز لگائے جائیں گے۔
ریاض اور جدہ میں خاص پروگرام ہوگا جس میں شاہی حفاظتی دستے کے گھڑ سوار جلوس کی شکل میں شاہراہوں سے گزریں گے۔ قومی جلوس میں مقامی شہری شرکت کرکے اپنی خوشی کا اظہار کریں گے۔ کلاسیکل گاڑیاں اور سعودی قومی ترانہ ٹیم شامل ہوگی۔
امیرہ نورہ یونیورسٹی ریاض میں یوم وطنی 92 کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا گیا شو ’ثروۃ وطن‘ (وطن کی دولت) پیش کیا جائے گا۔ اس کا اہتمام 21 سے 24 ستمبر تک مسلسل چار دن تک ہوگا۔
سعودی عرب کے 13 ریجنوں میں مملکت کی تاریخ اوراس کے عظیم قومی ورثے کے حوالے سے فیسٹول ہوں گے۔ ان کا اہتمام عوامی پارکوں میں کیا جائے گا۔ دسیوں تفریحاتی پروگرام اور تاریخی شو ہوں گے جبکہ مملکت کے 18 شہروں میں آتشبازی کا مظاہرہ ہوگا۔
مدینہ منورہ میں امیر محمد بن عبدالعزیز سپورٹس سٹی ’نیشنل اوپیرا‘ منعقد کرے گی جس میں سعودی عرب کی تاریخ منفرد انداز سے پیش کی جائے گی۔ھ
مملکت کے متعدد شہروں، ریاض، ابہا، قصیم، جدہ اور الاحسا میں یوم وطنی کی رنگا رنگ تقریبات اور کنسرٹس بھی ہوں گے جن میں سعودی عرب، خلیج کی عرب ریاستوں اور عرب ممالک کے گلوکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔
فنکاروں میں محمد عبدۃ ، عبادی الجوھر، رابح صقر، ماجد المھندس، احلام ، انغام اور احمد سعد اور دیگر شامل ہیں۔