سیلاب متاثرین کی امداد، سعودی عرب سے مزید دو جہاز پاکستان پہنچ گئے
جمعرات 22 ستمبر 2022 14:32
امدای سامان لانے والوں جہازوں کی آمد کے وقت این ڈی ایم اے حکام ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ فوٹو: این ڈی ایم اے
پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر سعودی عرب سے مزید دو جہاز کراچی پہنچے ہیں۔
جمعرات کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق سعودی عرب سے امدادی سامان کے ساتھ چوتھا جہاز صبح سویرے پہنچا جبکہ پانچویں جہاز نے بعد ازاں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
مملکت کے چوتھے جہاز کے لینڈ کرتے وقت این ڈی ایم اے کے حکام ایئرپورٹ پر موجود تھے جبکہ پانچویں کا خیر مقدم شاہ سلمان ریلیف کے سربراہ، پاکستان کی فوج کے پانچویں کور کے کمانڈر اور این ڈی ایم اے کے نمائندوں نے کیا۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی ہدایت پر پاکستانی سیلاب زندگان کی مدد کے لیے فضائی پل قائم کیا گیا جس کے تحت متاثرین کے لیے مختلف قسم کے امداد سامان کی فراہمی کی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں متعین سفیر نواف المالکی نے کہا تھا کہ ’پاکستان کو امدادی سامان پہنچانے والا اولین ملک سعودی عرب ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم چار مختلف قسم کے پلان پر کام کر رہے ہیں جس میں سب سے پہلا غذا اور رہائش کی فراہمی ہے۔‘
’دوسرا پلان امدادی سامان کا فضائی پل ہے جس میں متاثرین کی ضرورتیں پوری کی جائیں گی۔‘