وزارت ثقافت کی جانب سے 28 سمتبر سے خصوصی نمائش منعقد کی جائے گی(فوٹو، واس)
سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے مملکت کے تمام ریجنز اورشہروں میں یوم الوطنی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مملکت کے 92 ویں قومی دن کے موقع پرتمام شہروں کو سبزرنگ کی لائٹوں سے منور کیا گیا ہے۔
تمام شہروں کی سرکاری اورتجارتی عمارتوں پرخصوصی لائٹیں لگائی گئی ہیں جبکہ شاہراہوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
حائل کمشنری میں بھی یوم الوطنی کی تقریبات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جو 24 ستمبرتک جاری رہے گا۔ نائب گورنرحائل ریجن نے خصوصی تقریبات کا افتتاح کیا اس موقع پربڑی تعداد میں لوگوں موجود تھے۔
’وطن ریلی‘ کے عنوان سے گھڑ سوار دستوں نے خصوصی شوز پیش کیے جبکہ بچوں کی دلچسپی کے لیے رنگارنگ پروگرامز کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔
علاقے کی روایتی اشیا سے حاضرین کومتعارف کرانے کے لیے خصوصی اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں حائل ریجن کی ثقافت کو اجاگرکیا گیا ہے۔
وزارت ثقافت کے زیراہتمام 29 ستمبر سے 7 اکتوبر تک خصوصی نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا جس میں علاقے کے ثقافت کواجاگر کرتے ہوئے رنگا رنگ پروگراموں کا سلسلہ پیش کیا جائےگا۔