Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی قومی دن کی تقریب، ’پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی فخریہ تاریخ ہے‘

اس موقع پر سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے دستاویزی ویڈیو بھی چلائی گئی۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ سیاسی، مذہبی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کی فخریہ تاریخ ہے۔
جمعے کو اسلام آباد میں سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنی تقریر میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان انتہائی اہم اسلامی ملک جس کے  سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں۔
سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پاکستان کی ممتاز سول، عسکری شخصیات کے علاوہ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی تھے۔ جبکہ اس موقع پر چیف آف جنرل سٹاف  لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد سمیت پاکستان کی مسلح افواج کے کئی سینیئر افسران بھی موجود تھے۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مخلصانہ اسلامی بھائی چارے اور باہمی محبت پر مبنی ہیں۔
انہوں نے سعودی حکومت کے مملکت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کیے گئے اقدامات اور خاص طور پر  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن 2030 کا ذکر کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے دستاویزی ویڈیو بھی چلائی گئی۔
اپنے خطاب میں مہمان خصوصی چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کی ایک دوسرے سے محبت کا مظہر ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے عمدہ اور جدید خطوط پر حج انتظامات اور پاکستانی حجاج کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کی طرف سے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش کا ذکر کرتے ہوئے ان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ولی عہد کا ویژن 2030  ان کی ترقی کے جدید تصور کو واضح کرتا اور ان کی سعودی نوجوان نسل کو ملکی ترقی کے لیے استعمال کرنے کی خواہش کا مظہر ہے۔

مہمان خصوصی نے کہا کہ مملکت اور پاکستان کے تعلقات عوام کی ایک دوسرے سے محبت کا مظہر ہیں۔ فوٹو: اردو نیوز

انہوں نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی طرف سے سعودی عرب کو ان کے قومی دن پر مبارکباد دی۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے سعودی سفیر اور دیگر مہمانوں کے ساتھ مل کر سعودی عرب کے قومی دن کا کیک بھی کاٹا۔
 

شیئر: