سعودی ایجنسی کی امداد سے ایک ہزار 200 افراد کو فائدہ پہنچا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے سوڈان میں دس ٹن 890 کلو گرام فوڈ باسکٹس تقسیم کی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سوڈان کے کئی اضلاع میں انتہائی ضروت مندوں کو فراہم کی جانے والی امداد سے ایک ہزار 200 افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔
یاد رہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حال ہی میں سیلاب سے متاثرہ اور سوڈان میں انتہائی ضرورت مند افراد کو ہنگامی خوراک فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
منصوبے کے ذریعے دارفور، سینار ریاست، المناقل ضلع، الجزیرہ ریاست اور بربر شہر میں 30 ہزار 515 فوڈ باسکٹ تقسیم کی جائیں گی جس سے ایک لاکھ 83 ہزار490 افراد کی مدد کی جا رہی ہے۔
یہ نیا منصوبہ مملکت کی جانب سے فراہم کردہ متعدد انسانی اور امدادی منصوبوں میں سے ایک ہے جس کی نمائندگی شاہ سلمان مرکز نے کی ہے۔
علاوہ ازیں سعودی امدادی ایجنسی نے صومالیہ میں خشک سالی سے متاثرہ اور بے گھر افراد میں 35 ٹن خوراک تقسیم کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس امداد سے تین ہزار افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔