لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل چوہان انگولا میں اقوام متحدہ کے مشن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں (فوٹو: انڈین آرمی ٹوئٹر)
ہیلی کاپٹر حادثے میں جنرل بپن راوت کی ہلاکت کے نو ماہ بعد انڈین حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل چوہان کو ملک کا نیا چیف آف ڈیفنس سٹاف مقرر کر دیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق بدھ کو وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل چوہان کو اگلے چیف آف ڈیفنس سٹاف (سی ڈی ایس) کے طور پر مقرر کیا ہے جو انڈین حکومت، فوجی امور کے محکمے کے سیکریٹری کے طور پر بھی کام کریں گے۔‘
انیل چوہان انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر اور ملک کے شمال مشرق میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
18 مئی 1961 کو پیدا ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل چوہان نے 1981 میں انڈین فوج کی 11 گورکھا رائفلز میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا اور انڈین ملٹری اکیڈمی، دہرادون کے سابق طالب علم تھے۔ انہوں نے میجر جنرل کے عہدے پر شمالی کمان میں بارہمولہ سیکٹر میں انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کی۔
بعد میں انہوں نے شمال مشرق میں ایک کور کی کمان سنبھالی اور اس کے بعد ستمبر 2019 سے ایسٹرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ انچیف بن گئے اور 31 مئی 2021 کو سروس سے ریٹائر ہونے تک اس عہدے پر فائز رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل چوہان انگولا میں اقوام متحدہ کے مشن میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
وہ31 مئی 2021 کو انڈین فوج سے سبکدوش ہو گئے تھے۔
فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ قومی سلامتی اور سٹریٹجک معاملات میں اپنا کردار ادا کرتے رہے۔
فوج میں نمایاں اور شاندار خدمات کے لیے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انیل چوہان کو پرم وششٹ سیوا میڈل، اتم یودھ سیوا میڈل، اتی وششٹ سیوا میڈل، سینا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا تھا۔
انڈیا کے سابق چیف آف ڈیفینس سٹاف جنرل بپن راوت گذشتہ سال دسمبر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ وہ انڈیا کے سب سے سینیئر دفاعی اہلکار تھے۔
تمل ناڈو میں ایئر فورس کا ایم آئی 17 وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور ان اہلیہ سمیت دیگر 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔