Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بدعنوانی انڈیا کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ‘

’شہریوں کو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔‘ (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ بدعنوانی انڈیا کی معاشی، سیاسی اور سماجی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ رہی ہے۔
خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق چیف آف ڈیفنس سٹاف نے یہ بات منگل کے روز ’ویجیلینس اویئرنیس ویک‘ کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انڈین آرمڈ فورس بیداری کا یہ ہفتہ 27 اکتوبر سے دو نومبر تک منا رہی ہے۔

 

انھوں نے کہا کہ 'بدعنوانی ہمارے ملک کی معاشی، سیاسی اور سماجی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز جیسے حکومت، شہری اور پرائیوٹ سیکٹر کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔'
انھوں نے مزید کہا کہ 'میرا خیال ہے کہ تمام شہریوں کو ہر وقت چوکس اور ایمانداری کے اعلی معیار کا پابند رہنا چاہیے اور انھیں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے تعاون کرنا چاہیے۔'
انھوں نے اپنے خطاب کے دوران عہد کیا کہ وہ اپنے ذاتی زندگی میں مثالی طور پر ایمانداری کے ساتھ رہنمائی کریں گے اور عوام کے مفاد میں کام کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ 'یہ صفات انڈین آرمڈ فورس کے ہر جوان اور افسر میں ان کی سروسز کے آغاز سے ہی موجود ہوتی ہے۔'
انھوں نے ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ کام کرنے کا بھی عہد کیا جو انڈین فوج کے مورال اور روایت کا مترادف ہے۔
تقریبا ایک ماہ قبل بھی بپن راوت نے تعمیراتی پراجیکٹس میں تاخیر کے لیے بدعنوانی کے خلاف آواز بلند کی تھی۔
انڈین میڈیا کے مطابق انھوں نے فوجی ہاؤسنگ پروجیکٹس میں وسیع پیمانے پر بدعنوانیوں کا ذکر کیا تھا اور بدعنوان افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی بات کی تھی۔

شیئر: