پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں، کرکٹ کی دنیا میں اور کیا ہو رہا ہے؟
پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ میں، کرکٹ کی دنیا میں اور کیا ہو رہا ہے؟
منگل 4 اکتوبر 2022 14:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش پر مشتمل تین ملکی سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے کرائسٹ چرچ میں ہوگا۔ (فوٹو: پی سی پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز ہارنے کے بعد سہ ملکی سیریز کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ پہنچ گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم منگل کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ پہنچی ہے۔
پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش پر مشتمل تین ملکی سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے کرائسٹ چرچ میں ہوگا جس کے بعد پاکستان ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے آسٹریلیا روانہ ہوگی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم کے سکواڈ میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے ساتویں ٹی20 میچ میں لیگ سپنر شاداب خان انجری کا شکار ہو گئے تھے لیکن ٹرائی سیریز میں وہ ایکشن میں نظر آئیں گے جبکہ سپیڈ سٹار شاہین شاہ آفریدی کی ٹرائی سیریز میں شرکت مشکوک ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر سیریز ہارنے اور اس سے پہلے ایشیا کپ کے فائنل میں مڈل آرڈر کی جانب سے خراب اور سست کھیل کے باعث پاکستان کرکٹ کے مداحوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں متوقع ہیں لیکن ابھی تک سکواڈ میں تبدیلی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
کرکٹ کی دنیا میں مزید کیا ہورہا ہے؟
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز کے سکواڈ سے بیٹر شمرون ہیٹمائر حیرت انگیز طریقے سے باہر ہوگئے ہیں۔
ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے مطابق شمرون ہیٹمائر گیانا سے آسٹریلیا جانے والی فلائٹ پر وقت پر نہ پہنچ سکے جس کے بعد وہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے جانے والی ٹیم میں شامل نہ ہوسکے۔
شمرون ہیٹمائر کی جگہ نوجوان بیٹر شامر بروکس کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر جونی بیئرسٹو دسمبر میں شیڈول پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
جونی بیئرسٹو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بتایا کہ وہ سنگین انجری کا شکار ہیں جس کے باعث کو 2022 میں ہونے والی تمام طرز کی کرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
انگلینڈ ہی کے معین علی نے بھی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہ کرنے کی وضاحت کردی ہے۔
وسڈن کرکٹ کے مطابق معین علی نے انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کوچ برینڈن مکلم کو فون پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی درخواست سے معذرت کی ہے۔
دوسری جانب انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی20 سیریز کا آخری میچ منگل کے روز اندور میں کھیلا جائے گا۔
تین ٹی20 میچز کی سیریز میں انڈیا کو 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرا ٹی20 میچ انڈین ٹیم کا ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے آخری ٹی20 میچ ہوگا۔