ریزرو بینک آف انڈیا ڈیجیٹل روپے کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرے گا
ریزرو بینک آف انڈیا نے یہ بھی اشارہ کیا کہ وہ ریٹیل اور ہول سیل ڈیجیٹل کرنسی دونوں پر غور کر سکتا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) جلد ہی مخصوص کیسز میں ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل روپے کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے والا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رؤئٹرز کے مطابق جمعے کو جاری ہونے والے ابتدائی مسودے میں کہا گیا ہے کہ آر بی آئی کچھ عرصے سے ڈیجیٹل کرنسی کے فوائد اور نقصانات کا جائزہ لے رہا ہے اور اسے مرحلہ وار طریقے سے نافذ کرنے کی حکمت عملی پر کام کر رہا ہے۔
آر بی آئی کے مطابق ای روپے کے استعمال کے معاملات کی جانچ اس طرح کی جا رہی ہے کہ مالیاتی نظام میں کم سے کم یا کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
رواں برس فروری میں انڈین حکومت نے کہا تھا کہ ڈیجیٹل روپے کو رواں مالی سال کے دوران لانچ کیا جائے گا۔
ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا ہے کہ ’یہ مرکزی بینک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو خطرے سے پاک ڈیجیٹل منی فراہم کرے، جو صارفین کو نجی کریپٹو کرنسیوں سے وابستہ کسی خطرے کے بغیر ڈیجیٹل شکل میں کرنسی میں لین دین کا وہی تجربہ فراہم کرے گا۔‘
بینک نے یہ بھی اشارہ کیا کہ وہ ریٹیل اور ہول سیل ڈیجیٹل کرنسی دونوں پر غور کر سکتا ہے۔
آر بی آئی نے مزید کہا ہے کہ ہول سیل شکل میں ڈیجیٹل کرنسی سیٹلمنٹ سسٹم کو زیادہ موثر اور محفوظ بنا سکتی ہے۔
ابتدائی مسودے کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کو حتمی ڈیزائن میں شامل کیا جائے گا۔