عمرہ زائرین کو 3 ماہ قیام کی اجازت، گھریلو ملازمہ کو سزائے موت سمیت سعودی عرب سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں
اتوار 9 اکتوبر 2022 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ہفتہ رفتہ کے دوران سعودی عرب میں پیش آنے والے کچھ واقعات دیگر کی نسبت قارئین کی زیادہ توجہ کا مرکز رہے۔ ’عمرہ زائرین کو تین ماہ تک مملکت میں قیام کی سہولت‘ اور ’سعودی بچی کے قتل میں ملوث گھریلو ملازمہ کو سزائے موت‘ کی خبریں زیادہ پڑھے جانے والے موضوعات میں شامل رہیں۔
مسجد نبوی ریاض الجنۃ مین خواتین کے لیے نماز اور زیارت کا نیا شیڈول، جدہ حادثہ میں میں مکان کی چھت پر چڑھنے والی گاڑی اور پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک ملازمت کا ہدف بھی زیادہ توجہ پانے والے موضوعات میں شامل رہے۔
’عمرہ زائرین کو تین ماہ تک مملکت میں قیام کی سہولت‘
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے اتوار کو تاشقند میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹرتوفیق الربیعہ دو روزہ سرکاری دورے پرازبکستان میں ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی جانب سے صدر شوکت، ان کی حکومت اور ازبکستان کے برادر عوام کے لیے خیر سگالی کے پیغام پہنچائے۔
سعودی بچی کے قتل میں ملوث گھریلو ملازمہ کو سزائے موت
سعودی بچی کے قتل میں ملوث گھریلو ملازمہ کی سزائے پر اتوار کو ریاض میں عملدرامد کر دیا گیا۔
چار سال قبل سعودی بچی نوال القرنی کے قتل کے واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ عدالت نے قتل کا الزام ثابت ہو جانے پر گھریلو ملازمہ فاطمہ محمد اصفا کو موت کی سزا سنائی تھی۔
مسجد نبوی ریاض الجنہ میں خواتین کے لیے نماز اور زیارت کا نیا شیڈول
سعودی عرب میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے خواتین کے لیے ریاض الجنہ میں نماز اور زیارت کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔
خواتین کو اب صبح اور شام کے وقت زیارت کی اجازت دی گئی ہے۔
پاکستانیوں کے لیے بیرون ملک ملازمتوں کا ہدف 9 ماہ میں پورا، سعودی عرب سرِفہرست
پاکستان کی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی نے رواں سال ملازمت کے سلسلے میں بیرون ملک افرادی قوت بھجوانے کا ہدف تین ماہ قبل ہی حاصل کر لیا۔ رواں سال کے پہلے نو ماہ میں پانچ لاکھ 30 ہزار 749 پاکستانی بیرون ملک گئے۔
سعودی عرب ایک بار پھر تین لاکھ 21 ہزار پاکستانی محنت کشوں کا میزبان ملک بن کر پاکستانیوں کی پہلی منزل قرار پایا ہے۔
مکہ میں ماں کے قتل میں ملوث بیٹے کو سزائے موت
سعودی عرب مکہ مکرمہ میں ماں کے قتل میں ملوث بیٹے کو منگل کو موت کی سزا دی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’مقامی شہری محمد بن عطیہ اللہ بن عمری الحربی نے اپنی ماں حضیضہ بنت عویض الشابحی کو سوتے میں چھری کے وار کرکے ہلاک کیا تھا‘۔
جدہ میں حادثہ، مکان کی چھت پر گاڑی چڑھ گئی
جدہ میں شاہراہ سے اچھل کر ایک گھر کی چھت پر چڑھ جانے والی تیز رفتار گاڑی کی وڈیو سوشل میڈیا پر ریکارڈ تعداد میں دیکھی جارہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا کے صارفین حیرت زدہ ہیں کہ آخر یہ گاڑی اتنی اونچائی پر کیسے پہنچ گئی۔
مسجد الحرام کا گیٹ نمبر 100، باب ملک عبداللہ
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ’ مسجد الحرام کا گیٹ نمبر 100 ملک عبداللہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس کی منظوری دی ہے‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ’ سعودی حکمرانوں نے اپنے عہد میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی تعمیر، تزئین اور ہر لحاظ سے اسے پرشوکت بنانے پر بھرپور توجہ دی ہے‘۔
’ونچ‘ اور ’ٹرالر‘ کی نئی شناخت، آئندہ ماہ سے عمل درآمد ہوگا
سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت میں دو گاڑیوں ’ونچ‘ اور’ٹرالر‘ کی ’نئی شناخت‘ مقررکی ہے۔ 26 نومبر 2022 سے عمل درآمد شروع ہوگا۔
الاقتصادیہ کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’ آئندہ گاڑیاں منتقل کرنے والی ونچ اور ٹرالر کا رنگ ایک جیسا ہوگا۔ لوگو اور بنیادی معلومات یکساں انداز میں درج کی جائیں گی‘۔