جاپان سعودی تعلقات : جاپان میں سیاحتی پروگراموں کی منصوبہ بندی
جاپان سعودی تعلقات : جاپان میں سیاحتی پروگراموں کی منصوبہ بندی
منگل 7 جنوری 2025 12:57
سعودی سیاح جاپان میں قدرتی مناظر اور برف سے ڈھکے مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
جاپان نیشنل ٹورازم آفس کے دبئی میں موجود ایگزیکٹو ڈائریکٹر دائیسوکے کوبایاشی نے بتایا ہے’ سعودی سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے جاپان مختلف پروگراموں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
عرب نیوز جاپان کے مطابق جاپان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ قریب آ رہی ہے جس وجہ سے جاپان نیشنل ٹورازم آفس کو مقامی ٹریول ایجنسیوں اور متعلقہ تنظیموں کے ساتھ مضبوط تعلق برقرار رکھنے کی امید ہے۔
دائیسوکے کوبایاشی نے بتایا ’ ہم سعودی مسافروں کو جاپان کے منفرد مقامات کی سیاحت کی ترغیب دینے کے لیے زیادہ مستحکم اور دلچسپ معلومات فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
جاپان نیشنل ٹورازم کا فی الحال سعودی عرب میں کوئی دفتر نہیں لیکن سعودی مسافروں کی جاپان کی سیاحت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے تناظر میں تشہیری سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
جاپان نیشنل ٹورازم کے تعاون سے دسمبر 2024 میں ریاض میں ’اپنے چار موسموں کو محسوس کریں‘ کے عنوان سے پہلی سیاحتی نمائش کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔
اس نمائش میں سعودی سیاحوں کے لیے جاپان کے علاقائی موسموں کی کشش اور لگژری سفر کے تجربات کا احاطہ کیا گیا۔
ریاض میں منعقد کی جانے والی سیاحتی نمائس کے بعد سعودی سیاحوں کی جاپان کے سفر کے لیے دلچسپی میں ’نمایاں اضافہ‘ دیکھا گیا۔
سیاحتی نمائش میں آنے والوں نے جاپان کے سفر کی شدید خواہش کے طور پر مفید معلومات حاصل کیں، خاص طور پر موسم بہار میں چیری کے پھولوں کی دلکشی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
سعودی سیاحوں نے جاپان میں قدرتی مناظر، گرمیوں کی تقریبات اور سردیوں میں برف سے ڈھکے مناظر سے لطف اندوز ہونے میں دلچسپی ظاہر کی۔
جاپان میں ایکسپو 2025 اوساکا نمائش اپریل میں منعقد ہو رہی ہے جس میں سعودی عرب اور جی سی سی سے آنے والوں کے لیے نمائش کے علاوہ جاپان کی سیاحتی کشش بھی موجود ہے۔
عرب خطے سے آنے والے سیاح عام طور پر جاپان میں رہائش کا روایتی انداز ’ریوکان‘ جاپانی طرز کے مہمان خانوں میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں جن میں اکثر ’آن سین‘ گرم پانی کے چشموں اور جاپانی کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
جاپانی اور عرب ثقافتوں میں بھی قدرے مماثلت پائی جاتی ہے جس میں جاپان کی روایتی چائے کی تقریب، ریوکان میں قیام اور جاپانیوں کی مہمان نوازی میں گرمجوشی قابل ذکر ہے جس کی وجہ سے سعودی عرب میں سیاحت سے دلچسپی رکھنے والے افراد جاپان کا رخ کرتے ہیں۔
جاپان نیشنل ٹورازم کے مطابق 2024 کی پہلی ششماہی میں سعودی عرب سے جاپان جانے والے سیاحوں کی تعداد میں 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں 72.2 فیصد اضافہ ہوا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں