الرجی ٹیسٹ کے بغیر اینٹی بائیوٹک انجیکشن نے دو سگی بہنوں کی جان لے لی
پبلک پراسیکیوشن نے فارماسسٹ کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا(فائل فوٹو العربیہ)
مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ میں الرجی ٹیسٹ کے بغیر ’اینٹی بائیوٹک انجکشن‘ لینے پر دو سگی بہنیں جان کی بازی ہار گئیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق دو سگی بہنیں ایمان اور سجدہ کو سردی لگنے پرمعمول کا نزلہ زکام ہوا۔ والدہ نے ڈاکٹر سے رجوع کیا جس نے دوائیں تجویز کیں۔
فارمیسی پرفارماسسٹ نے بتایا کہ ڈاکٹر کے نسخے میں لکھی گئی دوا دستیاب نہیں اس کی جگہ متبادل دوا تجویز کی گئی۔ والدہ نے قریبی فارمیسیوں پر ڈاکٹری نسخے میں لکھی گئی دوا تلاش کی مگر وہ نہیں ملی۔
بعد ازاں فارمیسی پر کام کرنے والی ایک خاتون نے دونوں بہنوں کو الرجی ٹیسٹ کیے بغیر اینٹی بائیوٹک انجکشن دیا جس سے ان کی طبعیت بگڑی اور الٹیاں آنے لگیں۔ انہیں ہسپتال میں داخل کردیا گیا جہاں دونوں چل بسیں۔
پولیس میں رپورٹ درج کرائے جانے پر پبلک پراسیکیوشن نے فارماسسٹ اور فارمیسی پر کام کرنے والی خاتون کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔ دونوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ فارمیسی کو سیل کردیا گیا ہے۔
ادویہ کے مصری مرکز کے ڈائریکٹر محمود فواد نے بتایا کہ ’یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں۔ جنوری 2022 سے اب تک لاپرواہی کے باعث 28 اموات ہوچکی ہیں‘۔
مصری جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے محمود فواد استفسار کیا کہ’ انجکشن دینا کس کا اختیار ہے۔ انجکشن دینا ڈاکٹر کا اختیار ہونا چاہئے لیکن ڈاکٹر اپنے مریضوں کو یونہی چھوڑ دیتے ہیں اور مریض بھی اپنی آسانی کے لیے فارمیسی کا رخ کرتے ہیں‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ 2016 کے دوران پارلیمنٹ کی ہیلتھ کمیٹی سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ اس سلسلے میں کوئی قانونی طریقہ کار وضع کیا جائے‘۔