کنساس سٹی..... شہر کے مشہور جمی جان اسٹور میں دن دہاڑے ڈکیتی کا ایک حیرت انگیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسٹور میں بیٹھے ہوئے کیشئر کے سامنے مسلح لیٹرا اچانک سامنے آگیا اور اس سے کیش بکس کی ساری رقم اپنے حوالے کرنے کو کہا مگر کیشئر کچھ اتنا ہی لاپروا نظر آیا کہ لٹیرے کے بھی چھکے چھوٹتے نظر آئے۔ وہ کوئی تاثر دیئے بغیر یا گھبراہٹ کا مظاہرہ کئے بغیر جوں کا توں کھڑا رہا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ لٹیرے کی بات سن ہی نہیں رہا ہے۔ اسی دوران ایک مرحلہ ایسا بھی آیا کہ لٹیرے نے کیشئر کی پیشانی پر گن تان لی اور اسے انتہائی خراب نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے رقم حوالے کرنے کا مطالبہ کرتا رہا۔ ساری باتیں ہوگئیں لیکن کیشئر کا اطمینان اپنی جگہ برقرار رہا۔ واضح ہو کہ یہ واقعہ کنساس سٹی کے برا ڈوے میں پیش آیا۔ واردات کیلئے جس لٹیرے نے اسلحہ نکالا تھا وہ نیلی جرسی پہنے ہوئے تھا۔ وڈیو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ صورتحال دیکھ کر اسٹور میں کام کرنےو الے ایک دوسرے کارکن نے کوئی آواز لگائی جس سے لٹیرا اور بھی برہم ہوگیا اور اس نے فورا ً گن نکال کر کیشئر کو حکم دیا کہ وہ ساری رقم اس کے حوالے کردے۔ واضح ہو کہ یہ ایک ایسی صورتحال تھی جو بالعموم افراتفری کا سبب بن جاتی ہے مگر کیشئر اعصابی طور پر اتنا مضبوط نظر آیا کہ اس پر اسلحہ گارگر ہو ا اور نہ ہی اس کی دھمکی سے اسے کوئی خوف آیا۔ یہی نہیں بلکہ اسٹور میں موجود دوسرے ملازمین نے بھی کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا اور جو جہاں تھا وہیں کھڑا رہا۔ ایسا لگتا تھا کہ جیسے سب تربیت یافتہ ہیں اور اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایسے نفسیاتی حربے استعمال کرتے رہے ہیں۔ آخر کار کیشئر نے اپنے ہاتھوں سے پلاسٹک کا دستانہ نکال کر پھینکا اور کیش باکس سے رقم نکال کر جمع کرنے لگا جس سے پتہ چلتا تھا کہ شاید وہ یہ رقم لٹیرے کے حوالے کردے ۔ بعد میں لٹیرا اپنی کوششوں میں کامیاب ہوا اور فرار ہوگیا مگر خفیہ کیمروں نے اس کی ایک ایک حرکت اتنے واضح طور پر ریکارڈ کرلی تھی کہ اسے فوراً ہی گرفتار کرلیاگیا مگر اب تک ملزم کا نام ظاہر نہیں کیاگیا ہے۔