پی آئی اے کے مزید آٹھ طیارے اگلے سال آپریشنل ہوں گے، پیرس کے لیے پروازیں 10 جنوری سے
پی آئی اے کے مزید آٹھ طیارے اگلے سال آپریشنل ہوں گے، پیرس کے لیے پروازیں 10 جنوری سے
منگل 24 دسمبر 2024 14:42
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
اجلاس کو بتایا گیا کہ مریدکے میں ایئرپورٹ اتھارٹی نے اپنی فنڈنگ سے ایک فلائنگ سکول قائم کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے منگل کو منعقد ہونے والے اجلاس کو بتایا گیا کہ قومی ایئرلائن اگلے سال تک آٹھ 777 طیارے آپریشنل کرے گی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے سی ای او نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ یورپ کے لیے 10 جنوری سے پیرس کی پہلی پرواز روانہ ہوگی، اور جنوری سے ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چار سال بعد یورپی یونین کی پابندی ختم ہونا پی آئی اے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا اجلاس اسلام آباد ایئرپورٹ پر منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کی۔
اجلاس میں فلائنگ کلبز، ایئرپورٹس کی اپگریڈیشن، اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی کارکردگی سے متعلق اہم امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی نے ملک بھر کے ایئرپورٹس کی حالت اور اپگریڈیشن پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور اور کوئٹہ کے ایئرپورٹس کے رن وے کو اپگریڈ کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ میں پارکنگ اور آمد و رفت کے مسائل بھی حل کیے گئے ہیں۔
’مریدکے میں فلائنگ سکولز کے لیے چھ ہینگرز اور رن وے فراہم کیے گئے ہیں، اور سکردو کے لیے فلائنٹ آپریشنز کو بڑھانے کے ساتھ وہاں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ایئرپورٹ کی تعمیر جاری ہے۔‘
یہ بھی بتایا گیا کہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی چین کے بنائے گئے گرین فیلڈ گوادر ایئرپورٹ کو ٹیک اوور کرے گی۔ ایم این اے مہرین رزاق بھٹو نے سوال کیا کہ ایئرپورٹ کے اردگرد ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی کیوں دیا جا رہا ہے اور اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب آبادی کیوں بڑھ رہی ہے؟
ڈی جی ایئرپورٹس نے وضاحت کی کہ ایئرپورٹس کے اردگرد 15 کلومیٹر تک آبادی کی اجازت نہیں ہے، اور اس حوالے سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
پی آئی اے کی فلائٹس میں فوڈ کوالٹی کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر بحث آیا۔ سی ای او پی آئی اے نے دعویٰ کیا کہ فوڈ کوالٹی کو بہتر بنایا گیا ہے، تاہم کمیٹی ممبران اس دعوے سے مطمئن نظر نہیں آئے۔ رکن کمیٹی رانا ارادت خان نے تبصرہ کیا کہ ماضی میں پی آئی اے کی بریانی بہت مشہور تھی، لیکن آج کل فراہم کی جانے والی بریانی کی کوالٹی مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا آج کل ایسے چاول ملتے ہیں جیسے قل شریف والے چاول ہوں۔ کمیٹی نے فوڈ کوالٹی کو مزید بہتر بنانے کی سفارش کی۔
اجلاس کے دوران ملتان فلائنگ کلب کے آڈٹ اور کارکردگی کے حوالے سے سیکریٹری ایوی ایشن نے وضاحت دی کہ فلائنگ کلبز وزارت ہوابازی کے تحت کام کرتے ہیں اور ان کی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لیے نئے قواعد بنانے کی ضرورت ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مریدکے میں ایئرپورٹ اتھارٹی نے اپنی فنڈنگ سے ایک فلائنگ سکول قائم کیا ہے، جو 15 جنوری سے فعال ہو جائے گا۔
سیکریٹری ایوی ایشن نے مزید بتایا کہ ملک کو نئے پائلٹس کی شدید ضرورت ہے اور فلائنگ کلبز کے ٹرسٹیز کے معاملات کا جائزہ لینا ہوگا۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پائلٹ ٹریننگ اور فراہمی کے لیے ایک نئی پالیسی تیار کی گئی ہے جو جلد پیش کی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کمیٹی نے اعلان کیا کہ اگلا اجلاس ملتان میں ہوگا، جہاں فلائنگ کلب کے عہدیداروں کو طلب کیا جائے گا۔