شاہین شاہ آفریدی سکواڈ کو 15 اکتوبر سے جوائن کریں گے
منگل 11 اکتوبر 2022 14:54
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ کرکٹ سے دور رہنا ان کے لیے مشکل تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انجری کا شکار پاکستانی فاسٹ بولر صحتیاب ہوگئے ہیں اور وہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے لندن میں پی سی بی کے ایڈوائزری پینل کی زیر نگرانی ری ہیب مکمل کرنے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 15 اکتوبر کو برسبین میں پاکستانی سکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔
پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر ٹی 20 ورلڈ کپ کے باقاعدہ آغاز سے پہلے انگلینڈ اور افغانستان کے خلاف وارم اپ میچوں میں شرکت کے لیے بھی دستیاب ہوں گے اور ان میچوں کے دوران ان کی فٹنس کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔
اپنی انجری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ کھیل سے دور رہنا ان کے لیے مشکل تھا لیکن فٹنس کے حصول کے بعد اب وہ پچھلے 10 دنوں سے پریکٹس کے دوران بغیر کسی درد کے چھ سے آٹھ اوورز کروا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستانی بیٹر فخر زمان بھی شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ برسبین پہنچیں گے۔ وہ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ پاکستانی سکواڈ کا حصہ ہیں۔