شاہین شاہ آفریدی ایکشن میں، ’کنگ واپس آ گیا ہے‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری سے صحت یابی کے بعد لندن کے کرکٹ گراؤنڈ میں ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے سنیچر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بولنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سٹار فاسٹ بولر پی سی ایل ٹیئر مسل انجری کا شکار ہیں۔ وہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران ان فٹ ہوئے تھے۔
شاہین کے ویڈیو شیئر کرتے ہی انہیں میدان میں دیکھنے کے منتظر کچھ شائقین کرکٹ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں، تو کچھ انڈین بیٹرز کو خبردار کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل کرِک وائبز نے ٹویٹ کیا کہ ’راہُل، روہت، کوہلی آپ سب تیار ہو جاؤ، کنگ واپس آ گیا ہے۔‘
وٹ آ لائف نامی ٹوئٹر ہینڈل نے شاہین شاہ آفریدی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہیں تو خود کے ساتھ زبردستی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’آپ اس ورلڈ کپ سے زیادہ اہم ہیں، صرف اس صورت میں کھیلنا شروع کریں جب آپ کو لگے کہ آپ صحت یاب ہو چکے ہیں۔‘
کرکٹ تجزیہ کار سلیم خالق نے کہا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کو شاہین شاہ آفریدی کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے، شکر ہے انہوں نے بولنگ پریکٹس شروع کر دی، امید ہے جلد انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔‘
ٹوئٹر صارف قیصر نے کہا کہ ’جی بلکل، مٹھائی بانٹ دیجیے خوشی کا ماحول ہے۔‘
شاہین شاہ آفریدی کو انجری کی وجہ سے چار سے چھ ہفتے آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی نے شاہین شاہ آفریدی کی رپورٹس دیکھ کر یہ رائے دی تھی۔
پی سی بی نے امید ظاہر کی تھی کہ فاسٹ بولر آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے تاہم ان کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری بورڈ کرے گا۔