چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے سابق کپتان شاہد آفریدی کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے بیان پر وضاحت جاری کرتے ہوئے اسے ’غیر ضروری تنازع‘ قرار دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے اس حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ کسی کے ذہن میں بھی کیسے آسکتا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی سے کوئی لاتعلقی اختیار کرلے گا وہ بھی ان کی سرپرست تنظیم۔ یہ ہو ہی نہیں سکتا۔‘
خیال رہے شاہد آفریدی نے پاکستانی چینل سماء پر ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی اپنے خرچے پر انگلینڈ میں گھٹنے کا علاج کروا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
شاہین آفریدی کو علاج کے لیے لندن بھجوانے کا فیصلہNode ID: 696446
ان کا کہنا تھا ’میں نے انگلینڈ میں شاہین شاہ آفریدی کے لیے ڈاکٹر کا انتظام کروایا ہے جبکہ ٹکٹ کے علاوہ وہاں قیام کے لیے بھی وہ اپنے پیسے خرچ کر رہے ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی کچھ نہیں کر رہا۔‘
رمیز راجہ نے سابق کپتان شاہد آفریدی کے بیان کا حوالہ دیے بغیر کہا کہ ’جب رضوان کی طبعیت ورلڈکپ میں خراب ہوئی تھی تو کس نے ان کی خدمت کی تھی؟ کہاں کہاں پر راتیں جاگ کر ہمارے ڈاکٹرز پینل نے ان کو فٹ کیا اور ان کو فائنل کھلایا۔‘
انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’انہیں دبئی سے جلدی سے جانا تھا شاید وہاں پر کوئی ٹکٹوں کا مسئلہ ہوگیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ان کے لیے کھلاڑی بہت اہم ہیں۔ ’وہ ہمارا بچہ ہے، وہ ہمارا میچ ونر ہے سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہم اسے تنہا چھوڑ دیں۔‘
رمیز راجہ کے اس بیان سے قبل پی سی بی بھی اپنی ایک پریس ریلیز میں کہہ چکا ہے کہ ’پی سی بی ہمیشہ کی طرح اپنے کھلاڑیوں کی صحت کا خیال رکھنے اور ضروری علاج کے لیے انتظامات کرتا رہے گا۔‘
دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی کے ٹی 20 ورلڈ میں شمولیت کے امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں۔
شاہین آفریدی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ جم میں ورزش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
Almost there! In shaa'Allah. pic.twitter.com/UrNHnjHyEj
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) September 12, 2022