Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وفاقی حکومت کی درخواست مسترد، ’ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے‘

وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات کو تین مہینے کے لیے موخر کرنے کی درخواست کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزات داخلہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہی کروانے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت داخلہ نے ای سی پی کو قومی اسمبلی کے 9 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے کہا تھا کہ اگر ضمنی انتخابات مزید ملتوی ہوئے تو ان کی جماعت حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہوجائے گی۔
منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دی کہ الیکشن کمیشن نے 9 قومی اسمبلی، 3 صوبائی اسمبلی اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہیں، تاہم صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی کے دیگر اداروں کا ان انتخابات میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے حوالے سے مؤقف درکار ہے، تاکہ انتخابات کا پُرامن انعقاد اور ووٹرز کو پولنگ کے دن پُرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
بیان کے مطابق ضلع کرم کی قومی اسمبلی کی نشست جہاں پر امن و امان کی صورت حال بہتر نہیں ہے، اس کے علاوہ باقی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بہتر انتظامات کے ساتھ انتخابات مقررہ تاریخ یعنی 16اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔
مزید بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 45 کرم کا انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022 کو نہیں ہوگا، یہاں پر انتخاب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 45 کرم کا انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022 کو نہیں ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

واضح رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے 16 اکتوبر کو ملک کے مختلف علاقوں میں قومی اسمبلی کے حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کو تین مہینے کے لیے موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔
جمعے کو وزارت داخلہ کی جانب سے الیکشن کمیشن کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن حالیہ سیلاب کی وجہ سے ملک کے مختلف حلقوں میں ہونے والے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کو موخر کر دے۔
’اس کے علاوہ ڈینگی بخار اور دوسری جان لیوا بیماریوں نے بھی صورتحال کو بدتر بنا دیا ہے۔ جیسا کے آپ جانتے ہیں کہ پاکستانی فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) نے قومی اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے تعاون سے وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشنز شروع کر رکھے ہیں۔ ان حالات کی روشنی میں وفاق اور صوبوں نے اپنے زیادہ تر وسائل سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی کے لیے مختص کر رکھے ہیں۔

شیئر: