Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب کی تباہ کاریاں، قومی اور پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات ملتوی

عمران خان قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 10 اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخاب ملتوی کردیے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی ان نشستوں پر ضمنی انتخابات ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ملتوی کیے گئے ہیں۔
جمعرات کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’جن حلقوں میں ضمنی الیکشنز ملتوی کیے گئے ہیں ان میں پولنگ 11 ستمبر، 25 ستمبر اور دو اکتوبر کو ہونا تھی۔‘
الیکشن کمیشن نے جن سیٹوں پر ضمنی الیکشنز ملتوی کیے ہیں ان میں این اے 157 ملتان، این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور اور این اے 45 کرم شامل ہیں۔
’این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 246 کراچی جنوبی میں بھی ضمنی انتخابات ملتوی کے گئے ہیں۔‘
اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر بھی ضمنی الیکشنز ملتوی کیے گئے ہیں ان میں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 241 بہاول نگر اور پی پی 209 خانیوال شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ’سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے ذرائع آمدورفت مخدوش ہوچکے ہیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔‘

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ’خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات اور لوگوں کی نقل مکانی کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات اور لوگوں کی نقل مکانی کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں، لہٰذا ان تمام حلقوں میں ضمنی الیکشنز ملتوی کیے جاتے ہیں۔‘
الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ’باقی مراحل الیکشن شیڈول کے مطابق ہوں گے اور حالات بہتر ہونے پر جلد پولنگ کی نئی تاریخوں کا اعلان کردیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں۔
ان میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی اور این اے 246 کراچی جنوبی کے حلقے شامل ہیں۔

شیئر: