Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

ملیکہ بخاری کے مطابق اعظم سواتی کو رات تین بجے حراست میں لیا گیا۔ فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ایف آئی اے کے سائبر ونگ نے اعظم سواتی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔
جمعرات کی صبح اعظم سواتی کو اسلام آباد کے سینیئر سول جج شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر اعظم سواتی کا میڈیکل کروا کر پیش کرنے کا کہا ہے۔
ایف آئی اے حکام نے عدالت میں اعظم سواتی کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی ہے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر اعظم سواتی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کو ایک ٹویٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا اور یہ کہ انہوں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔
عدالت نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی اعظم سواتی کو فوری طور پر پمز ہسپتال لے جا کر اُن کا میڈیکل کروایا جائے۔
اعظم سواتی کی جانب سے بابر اعوان، سردار مصروف خان اور فیصر جدون عدالت میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ صرف سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا ہے، رات گئے بدترین تشدد بھی کیا گیا۔
سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ میرے کپڑے پھاڑے گئے۔ ’مجھے ایک ٹوئٹ کرنے اور ایک نام لینے پر گرفتار کیا گیا، مجھ پر تشدد کیا گیا۔‘
پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
قبل ازیں جمعرات کی صبح تحریک انصاف کی رہنما ملیکہ بخاری نے ایک ٹویٹ میں الزام لگایا کہ ’رات کے اندھیرے میں چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے فاشسٹ حکومت نے سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کیا۔‘
ملیکہ بخاری کے مطابق اعظم سواتی کو رات تین بجے حراست میں لیا گیا۔
سینیٹر اعظم سواتی کے ٹوئٹر ہینڈل سے آخری ٹویٹ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں بریت کے بعد کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ سابق وزیر ریلوے اعظم سواتی چار مرتبہ سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں، ان کا مجموعی دور 17 سال بنتا ہے جس میں دو سال ابھی باقی ہیں۔
اعظم سواتی آزاد، جے یو آئی ف اور تحریک انصاف کے ٹکٹ پر 2003 سے سینیٹر منتخب ہوتے رہے ہیں۔ اعظم سواتی سابق اور موجودہ حکومتوں میں کئی وزارتوں کے وزیر بھی رہے ہیں۔

شیئر: