اداکارہ ثنا اور شوہر میں علیحدگی، ’فخر جعفری آپ کے لیے نیک تمنائیں‘
جمعرات 13 اکتوبر 2022 20:30
ثنا فخر نے اداکار اور ماڈل فخر جعفری سے سنہ 2008 میں شادی کی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستانی اداکارہ ثنا فخر اور ان کے شوہر فخر جعفری کے درمیان طلاق ہو گئی ہے۔
جمعرات کو فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ثنا نے ایک پوسٹ میں اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’رشتہ ٹوٹنا تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی رشتہ توڑنا اس وجہ سے ضروری ہوتا ہے کہ آپ خود کو ٹوٹنے سے بچا لیں۔ میں نے اور فخر نے شادی کے کئی اچھے اور برے سالوں بعد اپنی راہیں جدا کر لی ہیں۔‘
ثنا نے مزید کہا کہ ’یہ دل توڑ دینے والا کام ہے لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ خدا نے ہمارے لیے کچھ اچھا سوچا ہو گا۔ فخر جعفری آپ کے لیے نیک تمنائیں۔‘
ثنا فخر نے اداکار اور ماڈل فخر جعفری سے سنہ 2008 میں شادی کی تھی۔ دونوں کے دو بیٹے بھی ہیں۔
ثنا نے سنہ 1997 میں سید نور کی فلم ’سنگم‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے ’گھر کب آؤ گے‘، ’یہ دل آپ کا ہوا‘، ’دل پردیسی ہو گیا‘، ’چوڑیاں‘، ’کیوں تم سے اتنا پیار ہے‘، ’جیک پوٹ‘، ’رونگ نمبر 2‘ اور ’جنت کی تلاش‘ جیسی فلموں میں ادکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔