پارلیمنیٹرینز کی کارکردگی پر عوام نظر رکھیں، کویتی ولی عہد
پارلیمنیٹرینز کی کارکردگی پر عوام نظر رکھیں، کویتی ولی عہد
منگل 18 اکتوبر 2022 15:48
کویت کی اسمبلی میں 50 ارکان چار سال کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز
کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے ملک کی 17ویں قومی اسمبلی میں افتتاحی تقریر کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمنٹیرینز کی کارکردگی پر نظر رکھیں اور ان کا احتساب کریں۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو شیخ مشعل الاحمد نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے سامنے سٹریٹجک پلان پر عمل پیرا ہوں گے اور اراکین پارلیمنٹ کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہییں۔
ولی عہد شیخ مشعل الاحمد نے سیاستدانوں کو امیر کویت کے آئینی اختیارات کا احترام کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت کو کمزور کیا۔
شیخ مشعل الاحمد نے مزید کہا ہے کہ ملک کے قومی اتحاد اور یکجہتی کو توڑنے والی اور تقسیم کرنے والی آوازوں پر کان نہ دھریں۔
واضح رہے کہ کویت میں 29 ستمبر کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تناظر میں امیر کویت کے 9 اکتوبر کو شائع ہونے والے فرمان کے مطابق پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔
کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کونا کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ کویت میں تقریباً سات لاکھ 96 ہزار کویتی شہری ملکی پارلیمان کے ارکان کے انتخاب کےلیے ووٹ دینے کے اہل تھے۔
شیخ مشعل نے بتایا ہے کہ قومی یکجہتی کو خطرے کے پیش نظر اگست میں پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے بعد نئے انتخابات کرائے گئے تھے۔
کویت کی قانون سازی کے مطابق قومی اسمبلی کے 50 منتخب ارکان چار سال کی مدت کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں۔